google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 شادی سے قبل ایمن کو چھوٹی ’بہن‘ کے طور پر دیکھتا تھا: منیب بٹ - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

شادی سے قبل ایمن کو چھوٹی ’بہن‘ کے طور پر دیکھتا تھا: منیب بٹ

اداکار منیب بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے قبل وہ اپنی اہلیہ ایمن خان کو خود سے کم عمر ہونے کی وجہ سے چھوٹی بہن کے طور پر دیکھتے تھے۔

منیب بٹ نے حال ہی میں ’نیوز 365‘ کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نہ صرف والد بننے بلکہ شادی ہوجانے کے بعد ہی انسان میں بڑی تبدیلیاں آجاتی ہیں، شادی کے بعد انسان سمجھدار ہوجاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شادی سے قبل ہر وقت انسان دوستوں یا دوسرے کاموں میں مصروف رہتا ہے لیکن شادی کے بعد ایسا نہیں ہوتا اور نہ ہی بیوی ایسا کرنے دیتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب اگر انہیں گھر جانے میں دیر ہوجائے تو ایمن خان 10 منٹ میں انہیں 25 مس فون کالز دیں گی، جس پر انہیں فوری گھر پہنچنا ہوتا ہے۔

منیب بٹ کے مطابق اتنے کم وقت میں اتنی زیادہ فون کالز آنے کے بعد جب بندہ گھر پہنچتا ہے تو اسے پتا چلتا ہے کہ کچھ بھی نہیں ہوا تھا، انہیں بس گھر بلانا تھا۔

اداکار نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ ’گرل اور بوائے فرینڈ‘ جیسے تعلقات پر یقین نہیں رکھتے، ان کا خیال ہے کہ پسند آجانے کے بعد فوری شادی کرلینی چاہیے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی ایسے ہی کیا، جب انہوں نے اور ایمن خان نے ایک دوسرے کو پسند کرلیا تو فوری طور پر گھر والوں کو بتادیا اور چند ماہ میں ہی ان کی منگنی ہوگئی۔

منیب بٹ کے مطابق ان کی منگنی 2017 کے آغاز میں ہوئی تھی اور 2018 میں انہوں نے شادی کرلی۔

اداکار نے بتایا کہ ان کی اور اہلیہ کی عمر میں 6 سال کا فرق ہے، وہ بیوی سے 6 سال زائد العمر ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ ان کی اہلیہ سے عمر میں بڑی ہیں۔

انہوں نے ایمن خان کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ کم عمر ہونے کے باوجود ان سے زیادہ سمجھدار ہیں، اس لیے وہ ان سے بڑی لگتی ہیں۔

منیب بٹ نے ایمن خان سے ملنے اور پیار کی کہانی بتاتے ہوئے بتایا کہ پہلی بار انہوں نے اداکارہ کو ایک ڈراما سیٹ پر دیکھا تھا، اس وقت ایمن خان کی عمر 14 برس تھی جب کہ وہ 19 سال کے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت یونیورسٹی تعلیم کے آخری سال میں تھے جب کہ ایمن خان اسکول میں پڑھتی تھیں، اس لیے وہ انہیں چھوٹی بہن کے طور پر ہی دیکھتے تھے۔

منیب نے بتایا کہ بعد ازاں وہ کچھ عرصے بعد دوبارہ ڈرامے کے سیٹ پر ملے، اس وقت ایمن خان کی عمر 16 برس ہوچکی تھی، تب ان میں اور ایمن خان میں دوسرا سلسلہ شروع ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ بعد میں ایمن اور ان کے درمیان ملاقاتیں ہونے کے بعد جب دونوں نے ایک دوسرے سے اظہار محبت کیا تو دونوں نے شادی کا فیصلہ کرلیا۔

منیب بٹ نے دعویٰ کیا کہ محبت کا آغاز مذاق میں ایمن خان نے شروع کیا تھا لیکن انہوں نے ان کے مذاق کو سنجیدہ لے لیا تھا اور پھر ان میں محبت ہوئی اور دونوں نے جلد شادی کرلی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے