اہم اجلاس کل تک ملتوی کردیا
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے دبئی میں آئی سی سی کے سی ای او اور اعلیٰ حکام سے اہم ترین مذاکرات کرتے ہوئے پاکستان کے ٹھوس مؤقف سے آگاہ کر دیا جبکہ آئی سی سی کا اہم اجلاس کل تک ملتوی کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق میٹنگز میں حکام کو چیمپئنز ٹرافی کے متعلق قابل قبول حل پیش کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔
دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے اہم بورڈ اجلاس میں خصوصی ہائبرڈ ماڈل کے تحت پیشکش کی ہے کہ بھارت پاکستان جائے نہ پاکستان بھارت جاکر کھیلے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان ہائبر ماڈل پر نہ مانا تو ایونٹ سری لنکا منتقل کرنے کا آپشن موجود ہے۔
اس سے قبل ذرائع کے مطابق پاکستان کو دو پلانز دیئے جائیں گے، دوسری جانب آئی سی سی چیمپئنزٹرافی کا مستقبل کیا ہوگا فیصلہ آج ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پلان اے کے مطابق بھارت کے تمام میچز یواے ای میں ہوں گے اور پلان بی کے تحت سیمی فائنل اور فائنل کیلئے دو وینیو رکھے جائیں گے۔
علاوہ ازیں بھارت گروپ مرحلے سے آگے نہ گیا تو ناک آؤٹ میچز پاکستان میں ہوں گے، ہائبرڈ ماڈل نہ ماننے کی صورت میں ووٹنگ ہوگی۔
آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیمپئنزٹرافی کے حوالے سے بحث ہوگی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی دبئی پہنچ گئے۔
آج آئی سی سی بورڈ کی میٹنگ آن لائن ہوگی جس میں محسن نقوی دبئی سے آن لائن شریک ہوں گے اور پاکستان کے ٹھوس مؤقف سے آگاہ کریں گے۔
واضح رہے محسن نقوی دوٹوک جواب دے چکے ہیں کہ ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں، پاکستان اپنے دوٹوک مؤقف پر قائم ہے، درمیانی فارمولا اسی صورت طے ہوگا جب آئندہ پاکستان بھی بھارت جاکر نہیں کھیلے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اگر انکار کررہا ہے تو حکومت کا خط دکھائے جس میں پاکستان نہ آنے کی ٹھوس وجوہات موجود ہونی چاہئیں، خط کے بغیر کوئی اور جواز قبول نہیں کیا جائے گا۔
محسن نقوی کہہ چکے ہیں کہ پورا ایونٹ پاکستان میں کرائیں میزبانی میں کسی کوشریک نہیں ٹھہرائیں گے، پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کردیا۔