پاکستان میں پولیو وائرس بے قابو ہو چکا ہے کیونکہ کیسز کثرت سے رپورٹ ہو رہے ہیں، بلوچستان کے علاقے چاغی سے تعلق رکھنے والا ایک بچہ اس مرض کے نتیجے میں معذور ہوا۔
رپورٹ کے مطابق 5 سالہ بچی میں وائرس مثبت آنے کے بعد رواں برس ملک بھر اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 43 تک جا پہنچی ہے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں انسداد پولیو کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 43 ویں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ (ون) کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بلوچستان کے ضلع چاغی سے رپورٹ ہونے والا پولیو کا پہلا کیس ہے اور رواں سال پاکستان کا مجموعی طور پر 43 واں کیس ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک بلوچستان سے 22، سندھ سے 12، خیبرپختونخوا سے 7 اور پنجاب اور اسلام آباد سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس وقت ملک میں 28 اکتوبر سے 3 نومبر تک ایک مہم جاری ہے جس کا مقصد 5 سال سے کم عمر کے ساڑھے 4 سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ہے۔