انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم 366 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جبکہ دوسرے دن کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنالیے ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں کامران غلام کی سنچری اور صائم ایوب کی نصف سنچری کی بدولت 366 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
قومی ٹیم نے دوسرے روز 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے گزشتہ روز 37 رنز بنائے تھے اور وہ اپنی اننگز میں صرف 4 رنز کا ہی اضافہ کرنے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔
سلمان آغا نے کل کی اننگز میں 26 رنز کا اضافہ کیا اور 31 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ساجد خان صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
آل راؤنڈر عامر جمال اور نعمان علی نے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا، عامر جمال 37 اور نعمان علی 32 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ زاہد محمود 2 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، برائیڈن کرس 3، میتھیو پوٹس 2 اور شعیب بشیر ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
قومی ٹیم کے پہلی اننگز کے 366 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے پر اعتماد انداز میں بلے بازی کا آغاز کیا اور اس کی پہلی وکٹ 73 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب زیک کرالی 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں اسپنر نعمان علی نے آؤٹ کیا۔
مہمان ٹیم کی دوسری وکٹ 125 رنز پر گری جب اولی پاپ 29 بنا کر پویلین لوٹے، انہیں ساجد خان نے آؤٹ کیا، ان کے بعد جو روٹ آؤٹ ہوئے جو 34 رنز بنا کر ساجد خان کا دوسرا شکار بنے۔
ان کے بعد سنچری بنانے والے بین ڈکٹ 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں بھی ساجد خان نے میدان بدر کیا، انگلینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہیری بروک تھے جو 9 رنز بنا کر ساجد خان کا چوتھا شکار بنے،
ان کے بعد کریز پر آنے والے انگلش کپتان کو نعمان علی نے زیادہ مہلت نہیں دی اور وہ صرف ایک رن بنا کر واپس پویلین جانے پر مجبور ہوگئے۔
اس طرح انگلش ٹیم نے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنالیے ہیں اور پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے اسے اب بھی 127 رنز درکار ہیں اور اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں،
اس وقت جمی اسمتھ 12 اور برائڈن کارس 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔