google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 وزیراعطم کا شنگھائی تعاون تنظیم کے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

وزیراعطم کا شنگھائی تعاون تنظیم کے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ

وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا ہے۔

وزیراعظم نے عشائیے میں شرکت کےلیے آنے والے تمام سربراہان مملکت اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔

عشائیے میں روس، تاجکستان، کرغیزستان، قازقستان، بیلاروس کے وزرائے اعظم، ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سمیت دیگر غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ہاتھ ملایا، اس دوران دونوں کے درمیان خوشگوار موڈ میں جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

ایس سی او کا 23 واں سربراہی اجلاس پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہورہا ہے، جس میں پاکستان سمیت 8 ممالک کے وزرائے اعظم اور دیگر اعلیٰ شخصیات شریک ہیں۔

اجلاس میں شرکت کیلئے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خصوصی طیارے سے 3 بج کر 26 منٹ پر پاکستان پہنچے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے 23ویں سربراہی اجلاس کے سلسلے میں وزارت اطلاعات نے خصوصی نغمہ جاری کیا ہے۔

وزارت اطلاعات نے یہ نغمہ مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کےلیے جاری کیا ہے، جس میں پاکستان کے رنگارنگ ثقافتی ورثے اورمہمان نوازی کی روایت کی جھلک پیش کی گئی۔

نغمے میں پاکستان کے خوبصورت مقامات، تاریخی اور اہم عمارتیں اور متنوع ثقافت کی خوبصورتی کو پیش کیا گیا ہے۔

2 روزہ ایس سی او سمٹ میں شرکت کے لیے تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان و نمائندوں کے اعزاز میں وزیرِ اعظم شہباز شریف آج استقبالیہ و عشائیہ دیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف ایس سی او کے سربراہی اجلاس کے دوران کل مختلف ممالک کے وفود کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

جاری ہونے والے شیڈول کے مطابق کل صبح تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان و نمائندے اجلاس میں شرکت کے لیے جے سی سی پہنچیں گے جہاں ان کا استقبال وزیرِ اعظم کریں گے، اس کے بعد گروپ فوٹو کا سیشن ہو گا۔

اجلاس کی کارروائی کا آغاز شہباز شریف اپنے افتتاحی کلمات سے کریں گے، دو طرفہ ملاقاتوں کے دوران دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے۔

ایس سی او اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا اور تنظیم کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا، تنظیم کے رکن ممالک باہمی تعاون کو مزید بڑھانے اور تنظیم کے بجٹ کی منظوری کے لیے اہم تنظیمی فیصلے کریں گے۔

بعد ازاں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور ایس سی او کے سیکریٹری جنرل میڈیا سے گفتگو کریں گے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …