google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 وسیم اکرم کی غیرقانونی جوئے کی ایپ کی تشہیر شروع - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

وسیم اکرم کی غیرقانونی جوئے کی ایپ کی تشہیر شروع

’سوئنگ کے سلطان‘ کا لقب پانے والے کرکٹ کی دنیا کے مایہ ناز پاکستانی فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے اپنے مداحوں کو ایسی ”گوگلی“ ڈال دی ہے لوگ سوچ بھی نہیں سکتے کہ ایسا بھی ہوسکتا ہے، کیونکہ وسیم اکرم ایک جوئے کی ایپ کی تشہیر کر رہے ہیں جو پاکستان میں غیر قانونی ہے۔

وسیم اکرم بیٹنگ ایپ (جوئے کی ایپلی کیشن) کیلئے برانڈ ایمبیسیڈر بن گئے ہیں۔ پاکستان میں آن لائن سٹے بازی کی تشہیر پر پابندی عائد ہے تاہم اس کے باوجود وسیم اکرم نے اِس بیٹنگ ایپ کی پروموشن کیلئے بطور برانڈ ایمبیسیڈر ویڈیو شوٹ کی اور اُسے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر بھی کیا۔

انہوں نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا، ’میں نے کرکٹ میں بہت سے ناقابل فراموش لمحات گزارے ہیں لیکن اصل کامیابی کچھ ایسا تخلیق کرنا ہے جو دیرپا قائم رہے، آئیں میرے ساتھ باجی میں شامل ہوں اور اِس سفر کا حصہ بنیں۔

بیٹنگ ایپ ”باجی“ (BAJI) کی پروموشنل ویڈیوز میں کئی معروف شخصیات شامل ہیں جس میں فحش فلموں کی اداکارہ میا خلیفہ، سابق انگلش کرکٹر کیون پیٹرسن اور ارجنٹائن کے سابق فٹبالر گیبریل بٹسٹوٹا بھی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے بیٹنگ ہاؤسز سے وابستہ سروگیٹ کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعادہ کیا ہے اور اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ کھیلوں کی لائیو کوریج کے دوران اشتہارات کے ذریعے ان ایپس کی تشہیر رکوائیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بابر اعظم اور محمد رضوان جیسے مایہ ناز بلے بازوں کو بھی غیر قانونی بیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے لاکھوں روپے کی پیشکش ہوچکی ہے جو انہوں نے ٹھکرا دی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس نگران حکومت نے 150 سے زائد غیر قانونی سروگیٹ بیٹنگ کمپنیوں پر پابندی عائد کی تھی لیکن اب یہی کمپنیاں پاکستان میں دوبارہ سرگرم ہیں۔

وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات نے ایک مراسلے کے ذریعے عوام اور متعلقہ اداروں کو سٹے بازی میں نئے ناموں سے پاکستان میں آپریٹ کرنے والی کمپنیوں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے ہدایت دی تھی کہ ان کمپنیوں سے کیے گیے تمام معاہدے منسوخ کردیے جائیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …