google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 پاکستان ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

پاکستان ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان نے چین کو ایک کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دیکر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستان ٹیم ہفتے کو روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہوگی، بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔

چین میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے شروع سے ہی چین کو دباؤ میں لیے رکھا۔ پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول نہ بناسکی، تاہم دوسرے کوارٹر کے آٹھویں منٹ میں حنان شاہد کے خوبصورت پاس پر عبدالرحمٰن نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔

تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستان ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور گیارہویں منٹ میں ندیم احمد نے گول کرکے پاکستان کی برتری دگنی کردی۔ تیسرے کوارٹر کے اختتام سے قبل پاکستان کو پنالٹی اسٹروک ملا لیکن کپتان عماد بٹ نے سنہری موقع ضائع کردیا۔

چوتھا کوارٹر شروع ہوتے ہی حنان شاہد نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کی برتری کو تین صفر کردیا۔ تاہم کچھ دیر بعد چین کے چینگ ہنگ نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ 1-3 کردیا۔

میچ کے اختتام سے چار منٹ قبل پاکستان نے یکے بعد دیگرے مزید دو گول کردیے۔ ندیم احمد نے میچ میں اپنا دوسرا گول کیا جبکہ میچ ختم ہونے سے 15 سیکنڈز قبل حنان شاہد بھی گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ٹورنامنٹ میں یہ پاکستان کی دوسری کامیابی ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم ہفتے کو روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہوگی۔

علم میں رہے کہ بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …