google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 بجٹ میں کفایت شعاری کے اقدامات کا اعلان نہ ہوسکا - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

بجٹ میں کفایت شعاری کے اقدامات کا اعلان نہ ہوسکا

بجٹ پیش کیے جانے کے موقع پر کمر کسنے کیلئے جن اقدامات کا اعلان متوقع تھا، شہباز شریف حکومت نے ایک مرتبہ پھر اُن اقدامات سے منہ موڑ لیا ہے، اور کفایت شعاری کی سفارشات پیش کرنے کیلئے بنائی گئی اپنی دو کمیٹیوں کی تجاویز پر عمل کی منظوری دینے کے بجائے ایک اور کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔ 

اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے کفایت شعاری کے حوالے سے جو تجاویز پیش کی تھیں، وزیر خزانہ نے اپنی بجٹ تقریر میں اُن تجاویز میں سے کسی کا بھی ذکر نہیں کیا۔ 

یہ اعلیٰ سطح کی کمیٹی وزیراعظم نے اپنی موجودہ حکومت کے ابتدائی دنوں میں قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے برعکس، وزیر خزانہ نے رائٹ سائزنگ کے اُن اقدامات کے حوالے سے بات کی جو حکومت کے زیر غور ہیں، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ایک نئی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ سے قبل ہونے والے مباحثے میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کی سربراہی میں گزشتہ کمیٹی کی جانب سے دی گئی سفارشات کا مفصل جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ کمیٹی بھی اس بنیاد پر حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے عملی لائحہ عمل تجویز کرنے کیلئے تشکیل دی گئی تھی جو اس سے قبل پی ڈی ایم (شہباز شریف) حکومت میں تشکیل دی گئی کمیٹی نے پیش کی تھیں۔ 

حکومت نے نئی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن اب تک جاری نہیں کیا لیکن ذرائع کہتے ہیں کہ کہ نئی کمیٹی کے ارکان میں بھی پچھلی کمیٹی کے ارکان کی اکثریت ہوگی۔

پی ڈی ایم کی حکومت میں وزیراعظم شہباز شریف نے جو کمیٹی تشکیل دی تھی؛ اس نے وسط مدتی اقدامات کے ذریعے سالانہ ایک ٹریلین روپے کی بچت کیلئے اقدامات تجویز کیے تھے لیکن کمیٹی کی بیشتر سفارشات نظر انداز کر دی گئیں۔ 

اُس کمیٹی کی قیادت اچھی ساکھ کے حامل ریٹائرڈ بیوروکریٹ ناصر محمود کھوسہ کے پاس تھی جبکہ ارکان کی تعداد 15 تھی۔ بعد ازاں وزیراعظم نے اپنے موجودہ دور کے ابتدائی چند ہفتوں کے دوران سرکاری اخراجات میں کمی کا عملی منصوبہ پیش کرنے کیلئے سات رکنی کمیٹی تشکیل دی۔ 

دلچسپ بات یہ ہے کہ سات رکنی کمیٹی کے زیادہ تر ارکان وہی تھے جو پی ڈی ایم دور میں بنائی گئی کمیٹی میں شامل تھے جس کی زیادہ تر سفارشات کو نظر انداز کر دیا گیا تھا۔ 

آخری کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کر رہے تھے اور اس میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، سیکرٹری صنعت و پیداوار راشد محمود لنگڑیال، قیصر بنگالی، ڈاکٹر فرخ سلیم اور محمد نوید افتخار شامل تھے۔ 

About Aftab Ahmed

Check Also

گلیات میں ایک بار پھر برف باری کا سلسلہ شروع

گلیات میں ایک بار پھر برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا، سیاحوں کی سہولیات …