google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 برطانوی فٹبال لیجنڈ مائیکل اوون پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر مقرر - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

برطانوی فٹبال لیجنڈ مائیکل اوون پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر مقرر

پاکستان فٹبال لیگ(پی ایف ایل) نے انگلینڈ کے سابق عظیم فٹبالر مائیکل اوون کو لیگ کے لیے اپنا سفیر مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان فٹبال لیگ کے لیے سفیر مقرر کیے گئے مائیکل اوون نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فٹبال لیگ کا حصہ بن کر بہت اچھا لگا، میں 2سال پہلے آیا تھا اور اندازہ نہیں تھا کہ یہاں فٹبال کے چاہنے والے بھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فٹبال لیگ کا آغاز کیا جارہا ہے اور ہمارا کام ہے اسے آگے لے کر چلیں، فٹبال لیگ کا مقصد ملک کی نمائندگی کے لیے ٹیلنٹ تلاش کرنا ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں فٹبال کی ترقی و ترویج کے لیے پاکستان فٹبال لیگ کے وفد نے وزیراعظم کے مشیر اور وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنااللہ سے ملاقات کی۔

پاکستان فٹبال لیگ کے وفد نے مائیکل اوون اور فرحان احمد جونیجو کی زیر قیادت وفاقی وزیر رانا ثناءاللہ، وفاقی سیکریٹری ندیم ارشاد کیانی سمیت وزارت کے اعلیٰ کے حکام سے ملاقات کی اور پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کیا۔

ملاقات میں ایمل ہسکی، پاسکل چمبونڈا، مائیک فرنان، ڈیوڈ گومز، لوئس میگوئیل اور مائیک ایلیسن جیسی نامور شخصیات بھی موجود تھیں۔

اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا کہ آپ ہمارے پاس 27افراد پر مشتمل وفد ساتھ لے کر لائے ہیں جس میں 8ملکوں کے فٹبال کے بڑے بڑے نام بھی شامل ہیں جنہیں ہم پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ تمام مشکلات کی پرواہ کیے بغیر فٹبال کی ترقی اور پاکستان کے بچوں کے لیے کام کریں، آپ کو حکومت پاکستان سے جو بھی تعاون درکار ہو گا وہ ہم آپ کو فراہم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان اور پاکستان کے بچوں کے لیے بہت بڑا اقدام ہے جو ملک میں ایک گیم چینجر ثابت ہوگا ۔

وفاقی مشیر نے کہا کہ وزیر اعظم اس وقت چین کے دورے پر ہیں اس لیے انہوں نے مجھے مینڈیٹ دیا ہے اور اپنی اور اپنی منسٹری کی طرف سے یہ یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومت آپ لوگوں کے ساتھ فٹبال کی ترقی میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ پی ایف ایل کی ٹیم کا پاکستان کا دورہ ملک میں فٹبال کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گی، ہم پاکستان فٹبال لیگ اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر پاکستان میں فٹ بال کا مضبوط ایکو سسٹم بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس موقع پر اجلاس میں وفد کے سربراہ مائیکل اوون نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں فٹبال کے بنیادی انفراسٹرکچر کو تیار کرنا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا، نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانا اور ملک میں مجموعی طور پر فٹبال کا معیار بلند کرنا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …