پاکستان کو اگلے مالی سال 23 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضوں کی ضرورت ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق وزارت کو توقع ہے کہ دوست ممالک سے 12 ارب ڈالر کا قرضہ لیا جائے گا، اس ضمن میں حکام 2024-2025 میں سعودی عرب سے 5 ارب ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 3 ارب ڈالر اور چین سے 4 ارب ڈالر کے رول اوور مانگ رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چین کے ساتھ نئے مالیاتی انتظامات کے امکانات ہیں جنہیں نئے وفاقی بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔
دریں اثنا، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے قرضہ پروگرام سے اگلے مالی سال میں 1 ارب ڈالر سے زائد اضافی فنڈز ملنے کی توقع ہے، ذرائع نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے نئی بیرونی فنانسنگ کو بھی بجٹ کے تخمینوں میں شامل کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے مزید کہا کہ قرض کے نئے پروگراموں پر کام جاری ہے اور وفاقی حکومت اس عمل کو تیز کرنے کے لیے مختلف قرض دینے والے شراکت داروں سے روابط کر رہی ہے۔