
گرین شرٹس کا دلچسپ کم بیک
ایمسٹلوین کے ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے پول ڈی میچ میں پاکستان اور ویلز کا مقابلہ 3-3 گول سے برابر رہا، جس میں دونوں ٹیموں نے پورا میچ ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھی۔
پاکستان نے پہلے کوارٹر میں عبدالرحمان کے گول کی بدولت 1-0 کی برتری حاصل کی، اور اس دوران گرین شرٹس نے مجموعی طور پر بہتر کھیل پیش کیا جبکہ ویلز اپنے مواقع کو گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہا۔ دوسرے کوارٹر میں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی جب ویلز نے دو گول داغ کر پہلے کوارٹر کی کمی پوری کی اور ہاف ٹائم تک 2-1 سے برتری حاصل کرلی۔ پاکستان نے متعدد پنالٹی کارنرز حاصل کیے لیکن ویلش دفاع مضبوط رہا۔

تیسرا کوارٹر بغیر کسی گول کے اختتام پذیر ہوا، تاہم چوتھے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے شاندار واپسی کی۔ سفیان خان اور حنان شاہد نے محض دو منٹ کے وقفے میں گول داغ کر پاکستان کو 3-2 کی برتری دلا دی، جس سے فتح کی امید روشن ہوگئی تھی۔ تاہم ویلز نے آخری لمحات میں پنالٹی اسٹروک پر گول کرکے مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے یہ میچ خاص طور پر اہم تھا کیونکہ گروپ ڈی کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں 4-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد ویلز کے خلاف فتح ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کے لیے ناگزیر قرار دی جا رہی تھی۔ افتتاحی میچ میں کوچنگ اسٹاف نے ٹیم کی جانب سے چار واضح مواقع ضائع کرنے پر تشویش کا اظہار بھی کیا تھا۔ واضح رہے کہ چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستانی ٹیم آٹھ سالہ وقفے کے بعد ورلڈ کپ میں واپس آئی ہے۔
دوسری جانب ویلز کی ٹیم بھی اپنے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں 3-1 سے شکست کھا چکی تھی، جس کے باعث آج کا مقابلہ دونوں ٹیموں کے لیے یکساں اہمیت کا حامل تھا۔
گروپ ڈی میں پاکستانی ٹیم اب اپنا آخری اور فیصلہ کن میچ 19 اگست کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی، جو اپنے دوسرے میچ میں انگلینڈ کا سامنا کرنے کے بعد بھارت پاکستان سے آخری پول میچ میں مدمقابل ہوگا۔ پاکستان کے لیے سیمی فائنل تک رسائی کا انحصار اب بھارت کے خلاف کارکردگی پر ہوگا۔
UrduLead UrduLead