Related Articles

وزیراعظم شہباز شریف نے آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن، یورو-5 معیار کے ایندھن کی پیداوار، اوگرا میں اصلاحات اور ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ذخائر بڑھانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی، جن کا مقصد ملک کی آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن، ماحول دوست ایندھن کی پیداوار میں اضافہ اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ پاکستان کے توانائی تحفظ کے نظام کا ایک بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریفائنریز نہ صرف ملک کی توانائی ضروریات بہتر انداز میں پوری کریں گی بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے اور ماحول دوست ایندھن کی فراہمی میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ ریفائنریز کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے ان کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے، جبکہ یورو-4 اور یورو-5 معیار کے پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار پاکستان کے بین الاقوامی ماحولیاتی وعدوں کی تکمیل، فضائی آلودگی میں کمی اور صارفین کو بہتر معیار کا ایندھن فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے۔
وزیراعظم نے اوگرا کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے اور توانائی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق اصلاحات متعارف کرانے کی ہدایت کی تاکہ شعبے میں مسابقت، شفافیت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو نئی پالیسی پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے اصلاحاتی عمل تیز کرنے پر بھی زور دیا۔
شہباز شریف نے براؤن فیلڈ ریفائنریز سے متعلق ترمیم شدہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کے فروغ کے لیے قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روڈ شوز منعقد کرنے کی ہدایت بھی دی تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے۔
انہوں نے براؤن فیلڈ ریفائنریز سے متعلق پالیسی میں ترامیم کی تیاری پر وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، جبکہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ذخائر بڑھانے کی بھی ہدایت جاری کی۔
اجلاس کو آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن، توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور پالیسی پر عملدرآمد کی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ترمیم شدہ پالیسی کا مقصد یورو-5 معیار کے ماحول دوست پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار یقینی بنانا، فرنس آئل کی پیداوار میں کمی لانا اور کم معیار کی پیٹرولیم مصنوعات کا استعمال محدود کرنا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، احسن اقبال، متعلقہ وفاقی سیکریٹریز اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
UrduLead UrduLead