ہفتہ , جولائی 25 2026

ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شمالی اور پہاڑی علاقوں میں شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم غیر مستحکم رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ، اتوار اور پیر کے دوران گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ مالم جبہ، مری، راولاکوٹ، دیر اور دیگر پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں موسلادھار بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے اضلاع گلگت، اسکردو، ہنزہ اور استور میں تینوں روز وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جہاں درجہ حرارت 19 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، مالم جبہ، سیدو شریف، پشاور، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ صوبے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے شہروں لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں بھی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے، تاہم اتوار اور پیر کو کئی علاقوں میں موسم نسبتاً خشک رہ سکتا ہے۔ لاہور، ملتان اور بہاولپور میں درجہ حرارت 32 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ اور دادو سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، تاہم اتوار اور پیر کو موسم جزوی طور پر ابر آلود اور نسبتاً خشک رہنے کی توقع ہے۔ دادو اور نوابشاہ میں شدید گرمی برقرار رہے گی، جہاں درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع، جن میں کوئٹہ، گوادر، تربت اور نوکنڈی شامل ہیں، میں مجموعی طور پر گرم اور خشک موسم رہے گا، تاہم چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی موجود ہے۔ صوبے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کسانوں کو بھی بارشوں کے پیش نظر فصلوں کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ڈرون جنگ: عالمی توانائی کے تحفظ کے خطرات

ایران اور یوکرین کی جنگوں نے ثابت کر دیا ہے کہ کم لاگت ڈرون حملے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے