google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 توشہ خانہ کیس میں عمران خان، بشری بی بی کی سزا معطل، رہائی کا حکم - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

توشہ خانہ کیس میں عمران خان، بشری بی بی کی سزا معطل، رہائی کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور اہلیہ بشری بی بی کی سزا معطل کردی۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر عدالت پیش ہوئے جبکہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پراسیکیوٹر امجد پرویز عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ علی صاحب اگر آپ اپیلوں پر دلائل دیں گے تو ہم آپ کو نہیں سن سکتے، سائفر کیس میں اپیلوں کو سنا جارہا ہے، دونوں اپیلوں کو ایک ساتھ نہیں سنا جاسکتا۔

اس پر بیرسٹر علی طفر نے کہا کہ سلمان صفدر نے کہا تھا سائفر اپیلوں پر وہ آدھے گھنٹے کے دلائل دیں گے، مجھے اس کیس میں آج دلائل دینے دیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اگر آپ سزا معطلی کے اوپر دلائل دینا چاہتے ہیں تو ہم سن لیتے ہیں۔

بعد ازاں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ سزا کے خلاف اپیل عید کے بعد مقرر کریں گے۔

واضح رہے کہ 31 جنوری کو بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ ریفرنس میں 14،14 سال قید با مشقت کی سزا سنادی گئی تھی۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 10 سال کے لیے نااہل بھی کر دیا تھا۔

احتساب عدالت اسلام آباد نے دونوں ملزمان پر 78 کروڑ 70 روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

بعد ازاں 16 فروری کو پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے سائفر، توشہ خانہ اور نکاح کیسز میں سنائی گئی سزاؤں کے خلاف عدالتوں سے رجوع کیا تھا۔

26 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ نیب کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 5 اگست کو اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں کرپشن کا مجرم قرار دیتے ہوئے 3 سال قید کی سزا سنائی تھی، فیصلہ آنے کے فوراً بعد انہیں پنجاب پولیس نے لاہور میں واقع زمان پارک میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا تھا۔

بعد ازاں 29 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کے بعد اٹک جیل میں قید عمران خان کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

تاہم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سابق وزیر اعظم کو جیل میں ہی قید رکھنے کا حکم دے دیا تھا۔

6 دسمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی کے خلاف اپیل واپس لینے کی درخواست مسترد کردی تھی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …