جمعہ , جولائی 3 2026

مالی سال 2025-26 میں تجارتی خسارہ 39.47 ارب ڈالر

ایک سال میں 21.6 فیصد اضافہ

پاکستان کا تجارتی خسارہ مالی سال 2025-26 کے دوران بڑھ کر 39.47 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 21.57 فیصد زیادہ ہے۔ درآمدات میں نمایاں اضافے اور برآمدات میں کمی کے باعث تجارتی خسارے میں یہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان بیورو آف شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ عارضی اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا جون 2025-26 کے دوران ملک کا مجموعی تجارتی خسارہ 39.47 ارب ڈالر رہا، جبکہ مالی سال 2024-25 کی اسی مدت میں یہ 32.47 ارب ڈالر تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان کی مجموعی برآمدات 5.97 فیصد کمی کے بعد 30.13 ارب ڈالر رہیں، جبکہ گزشتہ مالی سال میں برآمدات کا حجم 32.04 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب درآمدات میں 7.89 فیصد اضافہ ہوا اور وہ 69.60 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو مالی سال 2024-25 میں 64.51 ارب ڈالر تھیں۔ درآمدات میں اضافے اور برآمدات میں کمی کے باعث تجارتی خسارہ مزید بڑھ گیا۔

جون 2026 میں تجارتی صورتحال

پی بی ایس کے مطابق جون 2026 کے دوران برآمدات 2.24 ارب ڈالر رہیں، جو مئی 2026 کے مقابلے میں 16.73 فیصد کم ہیں۔

اس کے برعکس جون میں درآمدات بڑھ کر 6.77 ارب ڈالر ہو گئیں، جو مئی میں 5.45 ارب ڈالر تھیں، یوں ایک ماہ کے دوران درآمدات میں 24.07 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے نتیجے میں جون کا تجارتی خسارہ بڑھ کر 4.53 ارب ڈالر ہو گیا، جو مئی میں 2.77 ارب ڈالر تھا۔ اس طرح صرف ایک ماہ میں تجارتی خسارے میں 63.76 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

سالانہ بنیاد پر بھی خسارہ بڑھ گیا

جون 2025 کے مقابلے میں جون 2026 کے دوران برآمدات میں 9.61 فیصد کمی جبکہ درآمدات میں 26.27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے باعث جون 2026 کا تجارتی خسارہ 4.53 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جو جون 2025 میں 2.88 ارب ڈالر تھا۔ اس طرح سالانہ بنیاد پر جون کے مہینے میں تجارتی خسارہ 57.11 فیصد بڑھ گیا۔

پاکستان بیورو آف شماریات نے واضح کیا ہے کہ یہ اعداد و شمار عارضی (Provisional) ہیں اور جون 2026 کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ڈائریکٹوریٹ آف ریفارمز اینڈ آٹومیشن (DRS) کا مکمل ڈیٹا ابھی موصول نہیں ہوا، جس کے بعد اعداد و شمار میں معمولی ردوبدل ممکن ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

PTI کا آزاد کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

الیکشن کمیشن نے پولنگ شیڈول کے مطابق کرانے کا اعادہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے