بدھ , جولائی 1 2026

FBR کو ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا شارٹ فال

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 2025-26 کے لیے نظرثانی کے بعد مقرر کردہ 12 ہزار 957 ارب روپے کا ٹیکس وصولی ہدف حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم ابتدائی محصولات کے ہدف کے مقابلے میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا فرق برقرار رہا۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی عبوری خالص ٹیکس وصولیاں 13 ہزار ایک ارب روپے تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ مجموعی وصولیاں 13 ہزار ارب روپے کی حد عبور کر چکی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حتمی اعداد و شمار موصول ہونے کے بعد وصولیوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

دستاویزات کے مطابق مالی سال کے آغاز میں ایف بی آر کا ٹیکس ہدف 14 ہزار 307 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا، جسے پہلے کم کر کے 13 ہزار 979 ارب روپے اور بعد ازاں مزید کم کر کے 12 ہزار 957 ارب روپے کر دیا گیا۔ یوں مجموعی طور پر ہدف میں تقریباً 1,350 ارب روپے کی کمی کی گئی، جس کے بعد ایف بی آر نظرثانی شدہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق اگر ٹیکس وصولیوں کا موازنہ 13 ہزار 979 ارب روپے کے پہلے نظرثانی شدہ ہدف سے کیا جائے تو ایک ہزار 22 ارب روپے کا شارٹ فال سامنے آتا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اصل محصولات کے تخمینے پورے نہ ہو سکے۔

جون 2026 میں ایف بی آر نے ایک ہزار 757 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں ایک ہزار 812 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کی۔ اسی ماہ 42 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے، جبکہ انکم ٹیکس کی مد میں ایک ہزار 41 ارب روپے، سیلز ٹیکس سے 510 ارب روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے 95 ارب روپے اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 164 ارب روپے جمع کیے گئے۔

مالی سال 2025-26 کے دوران مجموعی طور پر انکم ٹیکس کی مد میں 6 ہزار 578 ارب روپے، سیلز ٹیکس سے 4 ہزار 262 ارب روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے 840 ارب روپے اور کسٹمز ڈیوٹی سے ایک ہزار 330 ارب روپے وصول کیے گئے۔

اگرچہ ایف بی آر نے نظرثانی شدہ ہدف مکمل کر لیا، تاہم مالی سال کے دوران دو مرتبہ ہدف کم کیے جانے اور ابتدائی تخمینوں کے مقابلے میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد کی کمی نے محصولات کی پائیدار نمو اور حکومتی ریونیو اہداف کے بارے میں اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق آئندہ مالی سال میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا اور محصولات میں حقیقی اضافہ حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوگا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

فرانس، میکسیکو اور ناروے پری کوارٹر فائنل میں

انگلینڈ آج ایکشن میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے میں فرانس، میکسیکو …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے