Related Articles

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے معروف میزبان اور اداکار توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنی مبینہ شادی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے یوٹیوبرز کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
دونوں فنکاروں نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنی شادی سے متعلق افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹی اور من گھڑت خبروں کے ذریعے صرف ویوز اور کمائی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف ان کی بلکہ ان کے اہل خانہ کی بھی دل آزاری ہوتی ہے۔
توثیق حیدر نے مزاحیہ انداز میں کہا، “صبح آنکھ کھلی تو معلوم ہوا کہ میری شادی فرح سعدیہ سے ہو چکی ہے۔ تصاویر میں مجھے خوبصورت دولہا اور فرح کو دلہن بنا دیا گیا تھا۔ اگر ہماری جعلی شادی سے آپ نے لاکھوں روپے کمائے ہیں تو کم از کم ہمیں سلامی ہی دے دیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی سنگل زندگی سے مطمئن ہیں، جبکہ فرح سعدیہ نے بھی واضح کیا کہ دونوں صرف اچھے دوست ہیں اور آئندہ بھی یہی رشتہ برقرار رہے گا۔
فرح سعدیہ نے کہا کہ ایسی جھوٹی خبریں نہایت غیر ذمہ دارانہ ہیں کیونکہ ان کے خاندان، بچوں اور والدین کو بھی ان افواہوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے یوٹیوبرز سے اپیل کی کہ وہ سنسنی پھیلانے کے بجائے ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیں اور دوسروں کی نجی زندگی کا احترام کریں۔
دونوں فنکاروں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے جھوٹی خبریں پھیلانا معمول بنتا جا رہا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ان کے درمیان صرف دوستی کا رشتہ ہے اور شادی سے متعلق تمام دعوے بے بنیاد ہیں۔
UrduLead UrduLead