
انگلینڈ آج ایکشن میں
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے میں فرانس، میکسیکو اور ناروے نے شاندار فتوحات کے ساتھ پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) میں اپنی جگہ مضبوط کرلی، جبکہ آج انگلینڈ، بیلجیئم اور امریکہ کی ٹیمیں اہم مقابلوں میں میدان میں اتریں گی۔
راؤنڈ آف 32 کے میچ میں فرانس نے سویڈن کو 3-0 سے یکطرفہ شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی اور اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ فرانسیسی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور دفاع کے ساتھ ساتھ حملے میں بھی بہترین کارکردگی دکھائی۔

ایک اور اہم مقابلے میں میکسیکو نے ایکواڈور کو 2-0 سے شکست دے کر راؤنڈ آف 16 میں رسائی حاصل کی۔ میکسیکو کے کھلاڑیوں نے شاندار ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا۔

گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں ناروے نے سخت مقابلے کے بعد آئیوری کوسٹ کو 2-1 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم ناروے نے فیصلہ کن گول کرکے کامیابی اپنے نام کرلی۔

ادھر آج راؤنڈ آف 32 کے مزید تین اہم مقابلے شیڈول ہیں۔ انگلینڈ کا مقابلہ جمہوریہ کانگو (ڈی آر کانگو) سے ہوگا، جبکہ بیلجیئم کی ٹیم سینیگال کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ایک اور میچ میں امریکہ کا سامنا بوسنیا اینڈ ہرزیگووینا سے ہوگا۔
UrduLead UrduLead