
سابق قومی کپتان اور وکٹ کیپر سرفراز احمد نے معروف میزبان تابش ہاشمی کے شو “ہنسنا منع ہے” میں شرکت کرتے ہوئے اپنے بچپن، کرکٹ کیریئر، کپتانی اور ذاتی زندگی سے جڑی دلچسپ یادیں مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔
پروگرام کے آغاز میں سرفراز احمد کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جبکہ انہوں نے اپنی مخصوص انداز میں شعر سنا کر محفل کا رنگ جما دیا۔ گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ بچپن میں ان کے والد انتہائی سخت مزاج تھے، تاہم کرکٹ سے ان کی محبت اتنی گہری تھی کہ مدرسے سے واپسی پر اکثر سیدھا گراؤنڈ پہنچ جاتے تھے۔
انہوں نے 1999 ورلڈ کپ کا ایک دلچسپ واقعہ بھی سنایا کہ پاکستان کا میچ دیکھنے کے لیے مدرسے کی بس چھوڑ کر امام صاحب کے بیٹے کے گھر پہنچ گئے، لیکن ان کے والد وہاں بھی انہیں ڈھونڈتے ہوئے آ گئے، جس پر خوب دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی۔
سرفراز احمد نے اپنی کپتانی، انڈر 19 ورلڈ کپ، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کی تاریخی فتح اور قومی ٹیم کی مسلسل کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کامیاب کپتان ہونے کے باوجود سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ مکمل طور پر کرکٹ سے وابستہ رہنا چاہتے ہیں۔
اپنی شادی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سرفراز نے بتایا کہ 2015 میں شادی کی تقریبات کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کی مصروفیات بھی جاری تھیں، جس کی وجہ سے دونوں ذمہ داریاں ایک ساتھ نبھانی پڑیں۔
شو کے دوران شائقین نے بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، قومی ٹیم کی قیادت، برطانیہ منتقل ہونے کی افواہوں اور دیگر موضوعات پر سوالات کیے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ کپتان کا انتخاب پاکستان کرکٹ بورڈ کا اختیار ہے، تاہم جس کھلاڑی کو قیادت دی جائے اسے بھرپور اعتماد اور مناسب وقت ملنا چاہیے۔
تفریحی سیگمنٹس “نظر بند” اور “پوچھو تو جانیں” میں بھی سرفراز نے بھرپور حصہ لیا اور اپنی حاضر جوابی سے حاضرین کو محظوظ کیا۔
پروگرام کے اختتام پر سرفراز احمد نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ والدین اور اساتذہ کا احترام کریں، محنت کو اپنا شعار بنائیں اور ہمیشہ پاکستان کی کامیابی کے لیے دعا کریں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا، “پاکستان کے لیے کچھ بہتر کریں، اللہ حافظ۔”
تابش ہاشمی نے بھی سرفراز احمد کی قیادت، وفاداری اور قومی کرکٹ کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو کئی ناقابلِ فراموش لمحات دیے۔ پروگرام نشر ہونے کے بعد سرفراز احمد کی گفتگو اور دلچسپ واقعات سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔
UrduLead UrduLead