
جنوبی افریقہ اور کینیڈا آمنے سامنے
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے اختتام کے بعد ناک آؤٹ مرحلے کا باقاعدہ آغاز جنوبی افریقہ اور کینیڈا کے درمیان راؤنڈ آف 32 کے پہلے مقابلے سے ہوگا، جبکہ ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے تمام مقابلوں کا شیڈول بھی سامنے آ گیا ہے۔
ناک آؤٹ مرحلے کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے لاس اینجلس اسٹیڈیم میں کینیڈا کا سامنا کرے گا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل صرف ایک مرتبہ آمنے سامنے آئی تھیں، جہاں 2007 کے دوستانہ میچ میں جنوبی افریقہ نے کینیڈا کو 2-0 سے شکست دی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق کینیڈا کو اس مقابلے میں فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ سپر کمپیوٹر کی پیش گوئی کے مطابق کینیڈا کے کوارٹر فائنل تک رسائی کے امکانات تقریباً 68 فیصد جبکہ جنوبی افریقہ کے امکانات 32 فیصد ہیں۔
ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 میں برازیل کا مقابلہ جاپان، جرمنی کا پیراگوئے، نیدرلینڈز کا مراکش، فرانس کا سویڈن، انگلینڈ کا کانگو، بیلجیم کا سینیگال، اسپین کا آسٹریا، پرتگال کا کروشیا، ارجنٹائن کا کیپ وردے اور آسٹریلیا کا مصر سے ہوگا۔
گروپ مرحلے کے اختتام پر ایران ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔ الجزائر اور آسٹریا کے درمیان 3-3 سے برابر ہونے والے میچ کے بعد الجزائر بہترین تیسرے نمبر کی ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا، جس کے نتیجے میں ایران ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل نہ کر سکا۔
دوسری جانب افریقی ٹیموں نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں نئی مثال قائم کر دی ہے۔ پہلی بار نو افریقی ممالک راؤنڈ آف 32 میں پہنچ گئے ہیں، جن میں الجزائر، مراکش، جنوبی افریقہ، سینیگال، گھانا، مصر، آئیوری کوسٹ، کانگو اور کیپ وردے شامل ہیں، جبکہ تیونس واحد افریقی ٹیم رہی جو گروپ مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکی۔
ناک آؤٹ مرحلے کے ڈرا نے فٹبال شائقین کی توجہ ایک اور دلچسپ امکان کی جانب بھی مبذول کرا دی ہے۔ ارجنٹائن اور پرتگال مخالف حصوں میں ہونے کے باعث لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو صرف اسی صورت ایک دوسرے کے مدمقابل آ سکتے ہیں اگر دونوں اپنی اپنی ٹیموں کو فائنل تک پہنچانے میں کامیاب ہو جائیں۔ اس ممکنہ تاریخی فائنل نے دنیا بھر میں فٹبال مداحوں میں بے حد جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔
UrduLead UrduLead