ہفتہ , جون 27 2026

فیفا ورلڈ کپ 2026: گروپ مرحلہ اختتام کے قریب

ناک آؤٹ مرحلے کے لیے 28 ٹیمیں کوالیفائی، راؤنڈ آف 32 کا شیڈول جاری

فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنے گروپ مرحلے کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جبکہ اب تک 48 میں سے 28 ٹیموں نے ناک آؤٹ مرحلے، یعنی راؤنڈ آف 32 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ رواں ورلڈ کپ تاریخ کا پہلا ایونٹ ہے جس میں 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جس کے باعث پہلی بار راؤنڈ آف 32 کو بھی ٹورنامنٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ورلڈ کپ کے فارمیٹ کے مطابق 12 گروپس کی سرفہرست دو، دو ٹیموں کے ساتھ ساتھ بہترین کارکردگی دکھانے والی آٹھ تیسرے نمبر کی ٹیمیں بھی ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔ اس کے بعد راؤنڈ آف 16، کوارٹر فائنل، سیمی فائنل، تیسری پوزیشن کا میچ اور پھر 19 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔

اب تک ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں ارجنٹینا، برازیل، فرانس، جرمنی، اسپین، انگلینڈ، پرتگال، بیلجیم، نیدرلینڈز، سوئٹزرلینڈ، امریکہ، میکسیکو، کینیڈا، کولمبیا، ناروے، مراکش، جاپان، سویڈن، آسٹریلیا، ایکواڈور، پیراگوئے، مصر، گھانا، سینیگال، جنوبی افریقہ، آئیوری کوسٹ، بوسنیا و ہرزیگووینا اور کیپ وردے شامل ہیں۔

کیپ وردے نے پہلی مرتبہ ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرکے تاریخ رقم کی، جبکہ جنوبی افریقہ بھی شاندار کارکردگی کے باعث اگلے مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔

راؤنڈ آف 32 کا آغاز 28 جون سے ہوگا۔ پہلے میچ میں جنوبی افریقہ اور کینیڈا آمنے سامنے ہوں گے۔ 29 جون کو برازیل کا مقابلہ جاپان، جرمنی کا پیراگوئے اور نیدرلینڈز کا مراکش سے ہوگا۔

30 جون کو آئیوری کوسٹ کا مقابلہ ناروے جبکہ فرانس کا سامنا سویڈن سے ہوگا، جبکہ میکسیکو تیسرے نمبر پر آنے والی کسی کوالیفائر ٹیم کے خلاف میدان میں اترے گا۔

یکم جولائی کو امریکہ، بوسنیا و ہرزیگووینا کے مدمقابل ہوگا، جبکہ دیگر دو میچوں میں گروپ مرحلے کے نتائج کے مطابق ٹیموں کا تعین کیا جائے گا۔

2 جولائی کو اسپین کا مقابلہ گروپ جے کی رنر اپ ٹیم سے ہوگا، جبکہ سوئٹزرلینڈ اور دیگر کوالیفائرز بھی ایکشن میں ہوں گے۔

راؤنڈ آف 32 کے آخری روز 3 جولائی کو آسٹریلیا کا مقابلہ گروپ جی کی رنر اپ ٹیم سے ہوگا، جبکہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کا سامنا حیران کن ٹیم کیپ وردے سے ہوگا، جسے اس مرحلے کا سب سے دلچسپ مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ناک آؤٹ مرحلے کے آغاز کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ مزید سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو جائے گا، جہاں ہر شکست کھانے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

بھارت کی پاکستان کو 7-1 سے شکست

قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی برقرار پاکستان ہاکی ٹیم کو ایک اور مایوس کن …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے