
پاکستان سمیت سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل دیگر ٹیموں کے لیے اہم میچ میں آسٹریلیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو شکست دے کر ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر کر دیا۔
ٹورنامنٹ کے اہم مقابلے میں آسٹریلیا نے بھارت کا 173 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ آسٹریلیا کی کامیابی میں تجربہ کار بیٹر ایلِس پیری اور ایشلے گارڈنر نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
ایلِس پیری نے 38 گیندوں پر 56 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ ایشلے گارڈنر نے صرف 29 گیندوں پر 53 رنز بنا کر بھارت کی فتح کی امیدیں ختم کر دیں۔ دونوں کے درمیان شاندار شراکت نے آسٹریلیا کو آسان فتح دلائی۔

اس سے قبل بھارتی کپتان ہرمن پریت کور نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط مجموعے تک پہنچایا۔ اس دوران انہوں نے خواتین ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ ہرمن پریت نے اس فہرست میں اسمرتی مندھانا کے 88 چھکوں کا ریکارڈ توڑتے ہوئے مجموعی تعداد 89 تک پہنچا دی۔
بھارت کی جانب سے شری چارانی نے دو جبکہ دیپتی شرما نے ایک وکٹ حاصل کی، تاہم آسٹریلوی بیٹرز کے سامنے بھارتی بولنگ بے بس دکھائی دی۔
میچ کے بعد بھارتی کپتان ہرمن پریت کور نے اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم بڑے مقابلوں میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو آئندہ چند ماہ میں اپنی حکمت عملی اور کھیل کے مختلف شعبوں پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔
دوسری جانب پلیئر آف دی میچ ایلِس پیری نے کہا کہ بھارت جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف کامیابی خاص اہمیت رکھتی ہے، جبکہ ایشلے گارڈنر کے ساتھ شراکت نے میچ کا رخ تبدیل کر دیا۔
اس شکست کے ساتھ ہی بھارت مسلسل دوسری بار ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے سے باہر ہو گیا، جبکہ آسٹریلیا نے ایک بار پھر ٹورنامنٹ کی مضبوط ترین ٹیم ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
UrduLead UrduLead