منگل , جون 30 2026

مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 30 جون سے داخل

2 جولائی سے بارشوں کا امکان

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں 30 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ 2 جولائی سے خلیج بنگال سے آنے والی مرطوب ہوائیں بھی بالائی علاقوں تک پہنچنے کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی چلنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں مسلسل ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، تاہم منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم اور انتہائی حبس والی کیفیت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

بدھ کے روز بھی بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم شام اور رات کے اوقات میں بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی اور حبس برقرار رہا۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین اور نوکنڈی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نورپور تھل، بھکر، سبی، دادو، جھنگ، سرگودھا، اٹک، ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، زیادہ پانی پینے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ بارشوں کے آغاز کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مراکش پیراگوئے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر پری کوارٹر فائنل

برازیل بھی کامیاب، 4 جولائی کو کینیڈا اور مراکش کا ٹاکرا فیفا ورلڈ کپ 2026 …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے