اتوار , جون 28 2026

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار

درجہ حرارت 49 ڈگری تک جانے کا امکان

محکمہ موسمیات نے 28 جون سے آئندہ تین روز کے لیے موسم کی پیش گوئی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی، جبکہ کئی شہروں میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے منگل تک پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں زیادہ تر موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ بیشتر علاقوں میں دھوپ کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت سب سے زیادہ محسوس کی جائے گی۔ ملتان، ڈی جی خان اور ساہیوال میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ سرگودھا میں پارہ 45 سے 47، فیصل آباد 43 سے 45، لاہور 42 سے 44 اور بہاولپور 44 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد میں بھی درجہ حرارت 41 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

سندھ میں کراچی نسبتاً معتدل رہے گا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے، تاہم اندرون سندھ میں شدید گرمی برقرار رہے گی۔ سکھر، دادو، نواب شاہ اور موہنجو داڑو میں پارہ 45 سے 47 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ حیدرآباد اور مٹھی میں بھی شدید گرم موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔ پشاور میں درجہ حرارت 42 سے 44، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 44 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں چترال، دیر اور مالم جبہ میں موسم نسبتاً معتدل رہے گا۔

بلوچستان میں سبی اور نوکنڈی شدید گرم ترین علاقوں میں شامل رہیں گے، جہاں درجہ حرارت بالترتیب 46 سے 48 اور 47 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ کوئٹہ، تربت، قلات اور گوادر میں بھی گرم اور خشک موسم برقرار رہنے کی توقع ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی معمول سے زیادہ گرمی ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔ گلگت میں درجہ حرارت 40 سے 42، چلاس میں 42 سے 44، ہنزہ میں 35 سے 37 جبکہ اسکردو میں 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ ہیٹ ویو کے ممکنہ اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

FIH پرو لیگ: انگلینڈ کی پاکستان کو 7-0 سے شکست

ایف آئی ایچ پرو لیگ 2025-26 کے یورپی مرحلے میں پاکستان ہاکی ٹیم کو ایک …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے