پیر , جون 22 2026

شمالی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی

جنوبی علاقوں میں شدید گرمی برقرار

محکمہ موسمیات نے 21 جون 2026 کو جاری کردہ تین روزہ موسمی پیشگوئی میں ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور خشک موسم برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں منگل کو گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گلگت، اسکردو، استور، ہنزہ، گوپس، بونجی اور چلاس میں بارشوں کے بعد بدھ اور جمعرات کو جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، مالم جبہ، سیدو شریف، پشاور، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی منگل کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بدھ اور جمعرات کو بیشتر علاقوں میں موسم خشک یا جزوی ابر آلود رہے گا۔ مالم جبہ میں تینوں روز بارش کا امکان برقرار رہے گا۔

کشمیر کے راولاکوٹ، مظفرآباد اور گڑھی دوپٹہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، اٹک اور مری میں منگل کو بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کے بڑے شہروں لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، چکوال، ساہیوال اور ڈی جی خان میں منگل کو بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بدھ اور جمعرات کو موسم گرم اور دھوپ والا رہنے کا امکان ہے۔ لاہور، فیصل آباد اور سرگودھا میں درجہ حرارت 40 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

دوسری جانب سندھ میں کراچی اور حیدرآباد سمیت ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم رہے گا، تاہم سکھر، دادو، نواب شاہ، مٹھی اور موہنجو داڑو میں شدید گرمی برقرار رہے گی۔ دادو میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔ کوئٹہ، گوادر، تربت، جیوانی، سبی اور نوکنڈی میں دھوپ کا راج رہے گا، جبکہ سبی میں پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں اور بالائی پنجاب میں بارشوں کے باعث بعض مقامات پر مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ جنوبی علاقوں کے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، زیادہ پانی پینے اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

EV گاڑیوں پر ایک فیصد سیلز ٹیکس کی تجویز مسترد

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی جانب سے الیکٹرک اور دیگر …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے