جمعہ , جون 19 2026

شمالی و وسطی علاقوں میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

جنوبی علاقوں میں شدید گرمی برقرار

محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے دوران ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور خشک موسم کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں منگل سے جمعرات تک وقفے وقفے سے بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر تیز بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان کے علاقوں گلگت، سکردو، ہنزہ، استور، گوپس، بونجی اور چلاس میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بالائی علاقوں میں موسم نسبتاً ٹھنڈا رہے گا۔

خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، مالم جبہ، پشاور، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت متعدد علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ پشاور اور بنوں میں درجہ حرارت 35 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ڈی آئی خان میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم اور اٹک میں منگل اور بدھ کے دوران بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم جمعرات کو موسم جزوی ابر آلود اور نسبتاً خشک رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے میدانی علاقوں لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بھی بارشوں کی توقع ہے۔ لاہور اور فیصل آباد میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کا راج برقرار رہے گا۔ کراچی، حیدرآباد اور ٹھٹہ میں جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے، جبکہ سکھر، دادو اور دیگر اندرونی علاقوں میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان کے کوئٹہ، گوادر، تربت، جیوانی اور نوکنڈی سمیت بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، جبکہ سبی میں پارہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارشوں والے علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور نشیبی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ جنوبی علاقوں کے رہائشیوں کو شدید گرمی کے پیش نظر پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے اجتناب کی بھی تلقین کی گئی ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

انگلینڈ کی فتح، گھانا بھی کامیاب، پرتگال برابر

فیفا ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے میچوں میں انگلینڈ نے کروشیا کو 2-4 سے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے