
پاکستان کے معروف اداکار نعمان اعجاز نے شوبز سے حاصل ہونے والی آمدن کو حرام قرار دینے سے متعلق سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ناقدین کو اپنی ذات کا بھی احتساب کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
نعمان اعجاز نے حالیہ یوٹیوب ویڈیو میں ایک دوست کی جانب سے بھیجا گیا پیغام شیئر کرتے ہوئے حلال و حرام کے تصور پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو مختلف چیزوں کی پہچان کی فطری صلاحیت عطا کی ہے۔ انسان گرم چیز کو ہاتھ، کڑوی چیز کو زبان، سخت چیز کو دانت اور خراب شے کو ناک کے ذریعے فوراً محسوس کر لیتا ہے، تاہم حلال اور حرام کی تمیز کا معاملہ انسان کے ضمیر اور شعور پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر انسان حلال اور حرام کے فرق سے واقف ہے تو پھر حرام کاموں اور ناجائز کمائی سے بچنے میں کیوں ناکام رہتا ہے۔
اداکار کے خیالات کو سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں صارفین نے سراہا، تاہم ایک صارف نے ان سے سوال کیا کہ آیا شوبز سے حاصل ہونے والی ان کی اپنی آمدن حلال ہے یا حرام؟
صارف کے سوال کے جواب میں نعمان اعجاز نے مختصر مگر معنی خیز ردعمل دیتے ہوئے کہا، ’’آپ کی سوچ ایک مخصوص قسم کی سوچ ہے۔ خوش رہیں بھائی، اور کبھی اپنے اوپر بھی نظر ڈال لیا کریں۔‘‘
اداکار کے اس جواب کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔ بعض صارفین نے ان کی حمایت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کسی بھی پیشے کی حلت یا حرمت کا فیصلہ عمومی بنیادوں پر نہیں کیا جا سکتا، جبکہ دیگر افراد نے شوبز انڈسٹری کے حوالے سے مذہبی اور اخلاقی مباحث کو دوبارہ موضوعِ گفتگو بنا دیا۔
واضح رہے کہ نعمان اعجاز پاکستان کے صفِ اول کے فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور وہ متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی منفرد اداکاری کے باعث ناظرین میں مقبول ہیں۔
UrduLead UrduLead