Related Articles

محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر پنجاب حکومت نے 9 اور 10 محرم کو میٹرو بس، الیکٹرک بس اور اسپیڈو بس سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (پی ایم ٹی اے) کے مطابق لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں تمام متعلقہ پبلک ٹرانسپورٹ سروسز دو روز کے لیے معطل رہیں گی۔ یہ فیصلہ عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بس سروسز کی عارضی معطلی جامع سکیورٹی پلان کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ہے۔ شہریوں کو متبادل سفری انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب پولیس نے صوبے بھر میں محرم الحرام کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ جلوسوں، مجالس اور دیگر مذہبی اجتماعات کی حفاظت کے لیے ہزاروں پولیس اہلکار، ایلیٹ فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق حساس مقامات پر خصوصی نگرانی، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، سرچ آپریشنز اور چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
صوبائی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور محرم الحرام کے دوران جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔
UrduLead UrduLead