پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے کرایوں کے نفاذ کی تاریخ اور تفصیلی شیڈول جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے

پنجاب حکومت نے ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت چلنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ پر مفت سفر کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس اور اسپیڈو بس سروس پر دوبارہ کرایوں کا اطلاق ہوگا۔
انچارج پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عزیر شاہ کے مطابق مفت سفری سہولت کا خاتمہ لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں چلنے والی تمام ماس ٹرانزٹ سروسز پر یکساں طور پر نافذ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصی ریلیف کے طور پر شہریوں کو محدود مدت کے لیے مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی تھی، تاہم اب معمول کے کرایہ جاتی نظام کو بحال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس اور اسپیڈو بس سروسز کے مسافروں سے دوبارہ مقررہ کرایہ وصول کیا جائے گا تاکہ ٹرانسپورٹ نظام کے آپریشنل اخراجات اور سروسز کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ عارضی طور پر مفت کر دی گئی تھی۔ اس اقدام سے روزانہ ہزاروں مسافروں نے فائدہ اٹھایا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مفت سفری سہولت کے خاتمے سے ایک جانب ماس ٹرانزٹ اداروں کی مالی پوزیشن بہتر ہوگی، جبکہ دوسری جانب روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کے سفری اخراجات میں دوبارہ اضافہ ہو جائے گا۔ تاہم حکام کا مؤقف ہے کہ جدید اور محفوظ پبلک ٹرانسپورٹ سروسز کی پائیداری کے لیے کرایوں کی وصولی ناگزیر ہے۔
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے کرایوں کے نفاذ کی تاریخ اور تفصیلی شیڈول جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
UrduLead UrduLead