اتوار , مئی 24 2026

سکستھ روڈ پر میٹرو بس میں خوفناک آگ

مسافر شیشے توڑ کر باہر نکل آئے

راولپنڈی کے مصروف علاقے سکستھ روڈ پر اسلام آباد سے آنے والی میٹرو بس میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کے بعد میٹرو بس ٹریک پر سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگتے ہی بس میں موجود مسافروں نے اپنی جان بچانے کے لیے گاڑی کے شیشے توڑ کر باہر نکلنے کی کوشش کی، جبکہ کئی افراد نے بھاگ کر خود کو محفوظ مقام تک پہنچایا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا۔ امدادی کارروائیوں میں چار ایمرجنسی گاڑیاں اور 12 سے زائد ریسکیو اہلکار شریک رہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت بس سے نکال لیا گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تاہم آگ کے باعث میٹرو بس مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئی۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بس میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث دھوئیں کے بادل دور تک دکھائی دیتے رہے۔

حادثے کے بعد میٹرو بس ٹریک پر گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی، جبکہ انتظامیہ نے ٹریک کلیئر ہونے اور سیکیورٹی معائنہ مکمل ہونے تک سروس عارضی طور پر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ اچانک بس کے اگلے حصے سے بھڑکی، جس کے بعد مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی۔ شہریوں نے ریسکیو اداروں کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوری امدادی اقدامات کے باعث بڑا سانحہ ٹل گیا۔

میٹرو بس سروس انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ تکنیکی ماہرین بس کے برقی نظام اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل رپورٹ جلد جاری کی جائے گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پاکستان کا چین سے ٹیرف مراعات کا مطالبہ

پاکستان نے پاک-چین آزاد تجارتی معاہدے (سی پی ایف ٹی اے) کے تیسرے مرحلے کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے