
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور نے انجینئرنگ کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ای کیٹ 2026) کے دوسرے اور آخری مرحلے کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے، جو 17 جون سے 21 جون 2026 تک آن لائن منعقد ہوگا۔ یہ ٹیسٹ پنجاب سمیت ملک بھر کے طلبہ کے لیے انجینئرنگ، کمپیوٹنگ اور متعلقہ انڈرگریجویٹ پروگراموں میں داخلے کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
یو ای ٹی لاہور کے داخلہ کمیٹی دفتر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) کی ہدایات کے تحت تمام سرکاری اور نجی انجینئرنگ جامعات میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کے لیے ای کیٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ای کیٹ 2026 کا یہ دوسرا اور آخری مرحلہ ہوگا۔ طلبہ کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایک سے زائد مواقع فراہم کیے جاتے ہیں اور اگر کسی امیدوار نے ای کیٹ کے پہلے مرحلے میں بھی شرکت کی ہے تو داخلے کے وقت دونوں ٹیسٹوں میں سے حاصل کردہ بہترین اسکور کو شمار کیا جائے گا۔
یو ای ٹی انتظامیہ کے مطابق کسی بھی پروگرام کے لیے کم از کم پاسنگ مارکس کی شرط نہیں رکھی گئی جبکہ ٹیسٹ میں نیگیٹو مارکنگ بھی نہیں ہوگی، جس سے امیدواروں کو بہتر کارکردگی دکھانے کا موقع ملے گا۔
جامعہ نے بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں سے کمپیوٹر بیسڈ ای کیٹ کامیابی سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ہزاروں طلبہ شرکت کرتے ہیں۔ آن لائن ٹیسٹنگ سسٹم نے انجینئرنگ داخلوں کے عمل کو مزید شفاف اور آسان بنایا ہے۔
یو ای ٹی لاہور نے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ایف بی آئی ایس ای) سمیت دیگر تعلیمی اداروں سے بھی درخواست کی ہے کہ ایف ایس سی پارٹ ٹو کے امتحانات میں شریک طلبہ تک ای کیٹ 2026 کی معلومات پہنچائی جائیں اور انہیں ایس ایم ایس کے ذریعے بھی آگاہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ امیدوار اس موقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق ملک بھر میں ایف ایس سی کے سالانہ امتحانات مکمل ہونے کے بعد طلبہ کی بڑی تعداد انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں داخلوں کی تیاری کر رہی ہے۔ ایسے میں ای کیٹ کا دوسرا مرحلہ ان امیدواروں کے لیے اہم موقع ہے جو اپنے پہلے اسکور کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔
یو ای ٹی لاہور نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ داخلوں اور ای کیٹ سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے جامعہ کی سرکاری ویب سائٹ اور داخلہ پورٹل سے رابطے میں رہیں۔
ای کیٹ 2026 کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کے بعد انجینئرنگ جامعات میں فال 2026 داخلوں کے لیے میرٹ سازی کا عمل شروع کیا جائے گا، جس کے تحت ہزاروں طلبہ اپنے مستقبل کے تعلیمی سفر کا آغاز کریں گے۔
UrduLead UrduLead