جمعہ , جون 5 2026

فیفا ورلڈ کپ 2026: عالمی میلہ سجنے کو تیار

فٹبال کے شائقین کے لیے دنیا کا سب سے بڑا کھیلوں کا ایونٹ، فیفا ورلڈ کپ 2026، 11 جون سے شروع ہو رہا ہے جو 19 جولائی تک جاری رہے گا۔ یہ ورلڈ کپ کئی حوالوں سے منفرد ہے کیونکہ فیفا کی تاریخ میں پہلی بار تین ممالک، امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا، مشترکہ طور پر اس عالمی ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہے ہیں۔

ورلڈ کپ 2026 میں مجموعی طور پر 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ ٹورنامنٹ کے دوران 104 میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ مقابلے امریکہ کے 11، میکسیکو کے 3 اور کینیڈا کے 2 مختلف شہروں میں منعقد ہوں گے۔ افتتاحی میچ میکسیکو سٹی میں میزبان میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

فیفا کے نئے فارمیٹ کے تحت ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل ہیں۔ گروپ مرحلے کے بعد بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، جہاں سے فائنل تک دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

گروپ اے میں میکسیکو، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا اور جمہوریہ چیک شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں کینیڈا، بوسنیا ہرزیگوینا، قطر اور سوئٹزرلینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔ روایتی حریفوں اور عالمی طاقتوں پر مشتمل دیگر گروپس بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

گروپ سی میں پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل، مراکش، ہیٹی اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں، جبکہ گروپ ڈی میں امریکہ، پیراگوائے، آسٹریلیا اور ترکی ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ جرمنی، نیدرلینڈز، بیلجیئم، اسپین، فرانس، ارجنٹینا، پرتگال اور انگلینڈ جیسی بڑی ٹیمیں بھی اپنے اپنے گروپس میں ٹائٹل کی دوڑ کا آغاز کریں گی۔

عرب اور ایشیائی ٹیموں کی موجودگی بھی اس ورلڈ کپ کو مزید دلچسپ بنا رہی ہے۔ قطر، سعودی عرب، ایران، عراق، ازبکستان، جاپان اور جنوبی کوریا جیسی ٹیمیں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے میدان میں اتریں گی۔

فیفا حکام کے مطابق 2026 کا ایڈیشن شائقین کی تعداد، میچز اور شریک ٹیموں کے اعتبار سے تاریخ کا سب سے بڑا ورلڈ کپ ہوگا۔ امریکہ کے جدید اسٹیڈیمز، میکسیکو کی فٹبال روایات اور کینیڈا کی بہترین میزبانی اس عالمی ایونٹ کو یادگار بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

فٹبال کے مداحوں کی نظریں اب 11 جون پر مرکوز ہیں، جب دنیا بھر کی بہترین ٹیمیں عالمی چیمپئن بننے کے خواب کے ساتھ میدان میں اتریں گی اور ایک ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہنے والا یہ عالمی میلہ کروڑوں شائقین کو اپنی جانب متوجہ رکھے گا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سمر کیمپ: شرکت رضاکارانہ، اضافی فیس پر پابندی

طلبہ کی صحت، سہولت اور گرمیوں کے دوران محفوظ تعلیمی ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے