مختلف علاقوں میں گرمی برقرار

پنجاب، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی اور خشک موسم برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں مزید بارشوں، ژالہ باری اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
لاہور، شکرگڑھ اور گرد و نواح میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آئی، جبکہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ وادی نیلم کے بالائی اور زیریں علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی۔
شدید بارش کے نتیجے میں جاگراں نالہ میں طغیانی آ گئی، جس کے بعد کنڈل شاہی پاور ہاؤس کو حفاظتی اقدامات کے تحت بند کر دیا گیا۔ مقامی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ جنوبی اضلاع میں دن کے اوقات میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری اور تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب اور کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ گلگت میں 15 ملی میٹر، استور میں 14، کالام اور دروش میں 9، چترال اور دیر میں 8 جبکہ مظفرآباد ایئرپورٹ پر 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
پنجاب میں مری میں 8 ملی میٹر، جہلم میں 6، منڈی بہاؤالدین میں 5 اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بھی 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب ملک کے وسطی اور جنوبی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہید بینظیر آباد، سبی اور گوجرانوالہ میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ دادو، قصور، خیرپور اور پڈعیدن میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی حالیہ لہر آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتی ہے، تاہم بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ حکام نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور غیر ضروری دھوپ سے بچنے کی ہدایت کی ہے۔
UrduLead UrduLead