جنوبی و وسطی حصے زیادہ متاثر

ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ جنوبی اور وسطی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کافی زیادہ رہ سکتا ہے جس سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ کہیں کہیں گرد آلود آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا جبکہ وسطی اور جنوبی اضلاع میں شدید گرمی نے صورتحال کو مزید سخت بنا دیا۔ تاہم چترال میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے مقامی طور پر موسم نسبتاً بہتر ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت انتہائی بلند سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔ دادو اور ڈیرہ غازی خان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ جیکب آباد میں 47 ڈگری ریکارڈ ہوا۔ بھکر، نورپورتھل، شہید بینظیرآباد، خانیوال اور بہاولنگر میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث شہری شدید گرمی سے متاثر رہے۔
UrduLead UrduLead