جنوبی علاقوں میں ہیٹ ویو کا خدشہ

ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ جنوبی اور وسطی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم جنوبی اور وسطی خیبر پختونخوا میں شام اور رات کے اوقات میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا اور استور کے چند مقامات پر بارش اور گرج چمک ریکارڈ کی گئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ جنوبی اضلاع میں شدید گرمی برقرار رہی جس کے باعث درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نور پور تھل میں 9 ملی میٹر، فیصل آباد میں 5 ملی میٹر، سرگودھا شہر میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ خیبر پختونخوا کے علاقوں بنوں اور کالام میں بالترتیب 3 اور ایک ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ گلگت بلتستان کے علاقے استور میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سندھ کے شہر سبی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دادو میں 45 اور موہنجودڑو میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت نوٹ کیا گیا۔
ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کی موجودہ لہر آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتی ہے جس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق مسلسل بلند درجہ حرارت فصلوں اور پانی کے ذخائر پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب ملک پہلے ہی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا سامنا کر رہا ہے۔
UrduLead UrduLead