
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منگل کے روز فنانس ڈویژن میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پیش کردہ سمری زیر غور آئی، جس میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے پاس موجود ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن چینی کی برآمد کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر طلب کرنے کی اجازت مانگی گئی تھی۔ واضح رہے کہ یہ مقدار گزشتہ سال شوگر پر قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کی سفارش پر درآمد کی گئی 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی کا بچا ہوا حصہ ہے، جسے کابینہ کی منظوری سے تشکیل دی گئی کمیٹی کی ہدایت پر منگوایا گیا تھا۔
ای سی سی نے سمری کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بین الاقوامی ٹینڈر کا عمل پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) رولز 2004 کے مطابق سختی سے مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کے علاوہ متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے وفاقی سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
UrduLead UrduLead