
پاکستان میں کیمبرج امتحانی پرچوں کے مبینہ لیک اسکینڈل کی تحقیقات بین الاقوامی سطح تک پھیل گئی ہیں اور برطانوی اداروں نے بھی باضابطہ طور پر کارروائی شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات کا بنیادی مقصد یہ جاننا ہے کہ امتحانی پرچہ کس مرحلے پر اور کس ذریعے سے لیک ہوا۔
ذرائع کے مطابق برطانیہ میں متعلقہ تعلیمی اور سیکیورٹی ادارے اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے مختلف زاویوں سے جانچ کر رہے ہیں۔ اس بات کی بھی تحقیق کی جا رہی ہے کہ آیا لیک کا تعلق کیمبرج یونیورسٹی کے اندرونی نظام سے ہے یا کسی بیرونی نیٹ ورک کے ذریعے امتحانی مواد تک رسائی حاصل کی گئی۔
کیمبرج یونیورسٹی انتظامیہ نے بھی معاملے کی اندرونی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور امتحانی نظام کی سیکیورٹی، ڈیجیٹل پروسیس اور پرچہ ترسیل کے تمام مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر مختلف تکنیکی اور انسانی عوامل کو بھی زیر غور لایا جا رہا ہے۔
پاکستان میں اس مبینہ لیک اسکینڈل نے طلبہ، والدین اور تعلیمی حلقوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ ماہرین تعلیم نے شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا ہے۔
برطانوی حکام اس امر کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ امتحانی مواد کس مقام پر سیکیورٹی سے محروم ہوا اور اس میں کسی اندرونی یا بیرونی گروہ کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں یا نہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید اقدامات کا اعلان متوقع ہے۔
UrduLead UrduLead