ایک وکٹ پر 179 رنز

پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بنا لیے، جبکہ قومی ٹیم کو میزبان ٹیم کے 413 رنز کے جواب میں 234 رنز کا خسارہ باقی ہے۔
میرپور کے شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ میں نوجوان اوپنرز اذان اویس اور عبداللہ فضل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ اذان اویس 84 اور عبداللہ فضل 37 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ دونوں کھلاڑی اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں اور انہوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 101 رنز پر گری جب امام الحق 45 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ امام الحق نے اپنی اننگز میں عمدہ اسٹروکس کھیلے اور نوجوان بیٹر اذان اویس کے ساتھ اہم شراکت قائم کی۔

اس سے قبل بنگلادیش نے اپنی پہلی اننگز 413 رنز پر ختم کی۔ میزبان ٹیم نے دوسرے دن کا آغاز 4 وکٹ پر 301 رنز سے کیا تھا، تاہم پاکستانی بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے باقی چھ وکٹیں صرف 112 رنز کے اضافے پر حاصل کرلیں۔
تجربہ کار بیٹر مشفق الرحیم نے 71 رنز بنائے جبکہ لٹن داس 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ مہدی حسن میراز 10 اور تیج الاسلام 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر محمد عباس نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ نعمان علی اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس میچ کے دوران شاہین شاہ آفریدی نے ایک اہم سنگ میل بھی عبور کیا اور وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے۔
بنگلادیش کی پہلی اننگز میں کپتان نجم الحسن شانتو نے 101 جبکہ مومن الحق نے 91 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن فراہم کی تھی۔
پاکستانی ٹیم اس میچ میں کئی نئے کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اتری ہے جبکہ سینئر بیٹر بابر اعظم گھٹنے کی انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 16 مئی سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔
UrduLead UrduLead