پیر , اپریل 20 2026

پاور ڈویژن کا پیٹرولیم ڈویژن کو تنبیہی خط

ایل این جی کے 4 کارگو فوری درکار، نہ ملنے پر لوڈ شیڈنگ بڑھے گی اور بجلی مہنگی ہو جائے گی

گرمی کی شدت میں اچانک اضافے کے باعث بجلی کی طلب تیزی سے بڑھ گئی ہے جس کے نتیجے میں ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

پاور ڈویژن نے پیٹرولیم ڈویژن کو خط لکھ کر خبردار کیا ہے کہ اگر ایل این جی کی فوری سپلائی یقینی نہ بنائی گئی تو مہنگے ڈیزل کے استعمال سے بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوگا اور لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے پیٹرولیم ڈویژن کو لکھا ہے کہ گرمی کی لہر نے بجلی کی طلب کو بہت زیادہ بڑھا دیا ہے اور پاور پلانٹس کے لیے ریگاسیفائیڈ ایل این جی (RLNG) اب ناگزیر ہو چکی ہے۔

خط میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ایل این جی کے جلد از جلد 4 کارگو کا انتظام کیا جائے، ترجیحاً قطر کے ساتھ طویل مدتی معاہدوں کے تحت۔

خط میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر ایل این جی کی سپلائی نہ ہو سکی تو پاور کمپنیوں کو مہنگا ڈیزل (HSD) استعمال کرنا پڑے گا جس سے بجلی کی پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس کے نتیجے میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھنے کے ساتھ ساتھ صارفین پر فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (FCA) کا اضافی بوجھ بھی پڑے گا۔

کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ 12 گھنٹوں سے تجاوز کر چکی ہے۔

کورنگی، سرجانی ٹاؤن، لیاقت آباد، صدر، گارڈن، نارتھ کراچی، ملیر اور اورنگی ٹاؤن سمیت شہر کے کمرشل اور ریزیڈینشل علاقوں میں روزانہ 12 سے 14 گھنٹے تک بجلی کی بندش جاری ہے۔

شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ تقریباً برابر ہے۔اس شدید لوڈ شیڈنگ نے کاروباری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے جبکہ عام شہریوں کے روزمرہ معمولات بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس سے شہریوں میں شدید مایوسی پائی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر توانائی نے کہا ہے کہ موجودہ لوڈ شیڈنگ عارضی ہے اور جلد ہی LNG کی سپلائی بحال ہونے پر صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری صورتحال اور ہرمز آبنائے کی بندش کی وجہ سے LNG کی سپلائی میں رکاوٹ آئی ہے جس کے باعث یہ بحران پیدا ہوا ہے۔

حکام کا دعویٰ ہے کہ قطر سے 4 کارگو جلد دستیاب ہو جائیں گے، جس کے بعد لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔ تاہم شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری اقدامات کرے تاکہ گرمی کے موسم میں لوڈ شیڈنگ کا یہ عذاب ختم ہو سکے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

زلمی نے کوئٹہ کو 118 رنز سے ہرایا

بابر اعظم کی سنچری سے زلمی نے 255 رنز بنائے، گلیڈی ایٹرز 137 پر ڈھیر …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے