پیر , مارچ 30 2026

بارشوں سے تباہی، 9 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث جہاں موسم خوشگوار ہوا ہے، وہیں کئی علاقوں میں جانی و مالی نقصان بھی ہوا ہے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں شدید بارشوں کے باعث عمارتیں گرنے سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے، جبکہ پنجاب میں بھی بارش سے متعلق مختلف حادثات میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق بنوں میں شدید بارش کے دوران دو مختلف مقامات پر عمارتیں گرنے کے واقعات پیش آئے۔ ایک واقعہ کوٹکہ غلام قادر میں شاہباز عظمت خیل مسجد میں پیش آیا، جہاں شادی کے مہمان برآمدے میں پناہ لیے ہوئے تھے کہ چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 ٹیموں نے مقامی افراد کی مدد سے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اور خلیفہ گل نواز اسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں میں دلہا خالد بھی شامل ہے، جو شدید زخمی بتایا جا رہا ہے۔

دوسرا افسوسناک واقعہ وریشمی کلاہ مندان میں پیش آیا، جہاں ایک خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔ متاثرہ گھر شیر محمد کا تھا، اور واقعے کے وقت اس کے پانچ بچے کمرے میں موجود تھے۔

ادھر خیبر پختونخوا کے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق 25 مارچ سے اب تک بارشوں سے متعلق حادثات میں صوبے میں مجموعی طور پر 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

پنجاب میں بھی شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث حادثات پیش آئے۔ لاہور کے علاقے بادامی باغ میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملبہ ہٹا دیا۔

اسی طرح بہاولپور کے علاقے یزمان میں ایک 70 سالہ موٹر سائیکل سوار پھسل کر گر گیا اور سر پر چوٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری اور موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

شمالی بلوچستان کے اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، سبی، کوہلو، بارکھان، نصیرآباد اور لورالائی میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں مختلف مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ دیگر علاقوں میں موسم خشک اور جزوی طور پر ابر آلود رہا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں اور آندھی کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ سندھ کے مختلف شہروں میں بھی تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ایران سے معاہدہ جلد متوقع، پیش رفت جاری

امریکی صدر کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کے ذریعے بالواسطہ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی، …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے