
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے نومنتخب وزیراعظم طارق رحمان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو باضابطہ دعوت نامہ بھیجا تھا۔
تاہم، وزیراعظم شہباز شریف کے غیر ملکی سرکاری دورے (آسٹریا) کے باعث وہ اس تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ اس لیے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال آج ڈھاکہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں جہاں 17 فروری کو نومنتخب وزیراعظم طارق رحمان کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی۔
یہ تقریب پارلیمنٹ کے ساؤتھ پلازہ میں ہوگی جس میں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر متعدد مہمان شریک ہوں گے۔احسن اقبال نہ صرف حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے بلکہ بنگلہ دیش کے اعلیٰ سطحی حکام سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، سیاسی، معاشی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ اور مستقبل میں سیاسی و اقتصادی پیش رفت کے روشن امکانات پر پُرامید ہے۔
یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔
یہ تقریب بنگلہ دیش کی حالیہ پارلیمانی انتخابات کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کا اہم سنگ میل ہے جس میں پاکستان کی سطحی نمائندگی سے دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی گرمجوشی کی توقع ہے۔
UrduLead UrduLead