سپریم کورٹ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق کیس کی سماعت میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ڈی ایچ اے والے سیدھا سادا دھندا کر رہے ہیں، پیسہ کمانا ہے تو کمائیں شہیدوں کو بیچ میں مت لائیں،
یہ گیم ہم نے بہت بار دیکھا ہے، اس معاملے میں تین مرکزی کردار ہیں، پرویز مشرف، پرویز الٰہی اور نجی ہاوسنگ سوسائٹی ۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بینچ نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی زمین کی منتقلی کے کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں ڈی ایچ اے کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیے۔
ڈی ایچ اے کے وکیل نے کہا کہ ڈی ایچ اے شہدا کے ورثا اورجنگ میں زخمیوں کو پلاٹس دیتا ہے، اس پر جسٹس عرفان سعادت نے سوال کیا کہ کیا ڈی ایچ اے صرف شہدا کیلئے کام کرتا ہے؟
ڈی ایچ اے کے وکیل کے جواب پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ڈی ایچ اے والے سیدھا سادا دھندا کررہے ہیں، پیسہ کمانا ہے تو کمائیں شہیدوں کو بیچ میں مت لائیں۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ یہ گیم ہم نے بہت بار دیکھا ہے۔