ہفتہ , جنوری 31 2026

عمران خان کی دائیں آنکھ کے علاج کی تفصیلات جاری

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال اسلام آباد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر رانا عمران سکندر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھ کے علاج کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ کی رگوں میں دباؤ کی وجہ سے بینائی متاثر ہوئی تھی، جس کی تشخیص سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن (CRVO) کی گئی۔

ڈاکٹر رانا عمران سکندر کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کچھ روز قبل دائیں آنکھ میں بینائی کی کمی کی شکایت کی تھی۔ اس پر پمز اسپتال کے سینئر ماہر امراض چشم نے اڈیالہ جیل میں جا کر ان کا تفصیلی معائنہ کیا۔

معائنے میں دائیں آنکھ کا سلٹ لیمپ ایگزامینیشن، فنڈوسکوپی، آنکھ کے اندرونی دباؤ کی پیمائش اور ریٹینا کی او سی ٹی (OCT) سمیت دیگر ضروری ٹیسٹ کیے گئے۔معائنے کے نتیجے میں دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص ہوئی، جس کی وجہ سے ریٹینا میں خون کی سپلائی متاثر ہوئی اور بینائی پر عارضی اثر پڑا۔

سینئر ڈاکٹروں کی ٹیم نے مزید علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی۔ڈاکٹر سکندر نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات (یعنی 24/25 جنوری کی رات) بانی پی ٹی آئی کو تجویز کردہ علاج کے لیے پمز اسپتال لایا گیا۔

اسپتال میں انہیں بیماری اور علاج کے طریقہ کار کی مکمل تفصیل بتائی گئی اور علاج سے پہلے باقاعدہ تحریری رضامندی حاصل کی گئی۔علاج آپریشن تھیٹر میں جراثیم سے پاک ماحول اور مکمل نگرانی میں کیا گیا، جس میں اینٹی وی جی ایف انٹرا وٹریل انجیکشن دیا گیا۔ یہ طبی عمل تقریباً 20 منٹ میں بخیر و خوبی مکمل ہوا۔

علاج کے بعد بانی پی ٹی آئی کی حالت مستحکم رہی اور انہیں ڈسچارج کر دیا گیا۔یہ معلومات سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر ذرائع سے بھی تصدیق ہوئی ہیں کہ منتقلی خفیہ رکھی گئی تھی۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علاج کامیاب رہا اور بانی پی ٹی آئی کو واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق یہ پیش رفت سیاسی حلقوں میں زیر بحث ہے، جہاں پی ٹی آئی کی جانب سے ذاتی معالجین کو رسائی دینے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا: آج دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا مقابلہ آج …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے