
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی ہدایت پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے اہم اقدام کرتے ہوئے کرتار پور اور ننکانہ صاحب کو قومی موٹر وے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے سے مذہبی سیاحت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیالکوٹ سے کرتار پور تک موٹروے کی تعمیر فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت جاری کی۔ اس موٹروے کو “گرو نانک ایکسپریس وے” کا نام دیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیر نے کہا کہ اس منصوبے کے گردونواح میں بین الاقوامی معیار کے تھری، فور اور فائیو اسٹار ہوٹل تعمیر کیے جائیں گے تاکہ زائرین کو اعلیٰ معیار کی رہائش اور دیگر سہولیات میسر آ سکیں۔
عبدالعلیم خان نے این ایچ اے کو مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سکھ کمیونٹی کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے لندن، کینیڈا اور امریکہ میں بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلائی جائے۔ ان منصوبوں کو عالمی روڈ شوز کا حصہ بنایا جائے تاکہ بیرون ملک مقیم سکھ برادری اس میں دلچسپی لے اور سرمایہ کاری کرے۔
وزیر مواصلات نے اسے خطے کے لیے “گیم چینجر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف مذہبی سیاحت کو فروغ دیں گے بلکہ نارنگ منڈی، بدو ملہی اور دیگر ملحقہ علاقوں کے عوام کو بھی معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ اس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور علاقائی ترقی میں تیزی آئے گی۔
این ایچ اے اب اس منصوبے کی تفصیلی منصوبہ بندی اور فنڈنگ کے حوالے سے جلد کام شروع کرے گی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ اقدام پاکستان اور بھارت کے درمیان مذہبی سیاحت کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھاوا دے گا۔حتمی منظوری اور تعمیراتی کام کا آغاز جلد متوقع ہے۔
UrduLead UrduLead