منگل , جنوری 27 2026

سانحہ گل پلازہ: اموات 26 تک پہنچ گئیں

کراچی ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ مال میں ہفتہ کی رات لگنے والی شدید آتشزدگی کے نتیجے میں ہولناک سانحہ میں ریسکیو حکام نے اب تک 26 اموات کی تصدیق کر دی ہے، جبکہ لاپتہ افراد کی تعداد میں مزید 10 کا اضافہ ہو کر 81 ہو گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رات کے وقت مزید 2 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور اور پہلی منزل کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کی فہرست میں کچھ نام دو بار شامل ہیں، اس لیے فی الحال 74 افراد کی لاپتہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

متاثرین کے ریسکیو آپریشن کو تیز کرنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق کے مطابق سول اسپتال میں اب تک 20 لاشوں کے ڈی این اے سیمپل لیے جا چکے ہیں، جبکہ 48 خاندانوں نے اپنے ڈی این اے سیمپل جمع کروا دیے ہیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ سندھ فرانزک ڈی این اے لیبارٹری، جامعہ کراچی میں اگلے تین دنوں تک کراس میچنگ کا عمل جاری رہے گا تاکہ باقی لاشوں کی شناخت ممکن ہو سکے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 18 لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے، جبکہ لاپتہ افراد میں سے 8 لاشیں ایسی ہو سکتی ہیں جن کی ابھی تک شناخت نہیں ہوئی۔ عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہو چکا ہے اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

دوسری جانب گل پلازہ آتشزدگی سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، جس میں آگ لگنے کی وجوہات، حفاظتی انتظامات کی کمی اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

یہ سانحہ کراچی کے شہریوں کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے، جہاں خاندان اپنے پیاروں کی تلاش میں پریشان ہیں اور ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مہنگائی اور شرح نمو پررپورٹ جاری

ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس نے پاکستان کے لیے اپنی تازہ معاشی پیشگوئیاں جاری …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے