منگل , جنوری 27 2026

سرگودھا اور بلوچستان میں ٹریفک کے دو بڑے حادثات

سرگودھا میں شدید دھند کے باعث ٹرک خشک نہر میں جا گرا، مکران کوسٹل ہائی وے پر تیز رفتار بس الٹنے سے 9 مزدور لقمہ اجل بن گئے

ملک کے دو مختلف حصوں میں پیش آنے والے ٹریفک کے المناک حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 23 افراد جاں بحق اور 24 سے زائد زخمی ہو گئے۔ پہلا واقعہ سرگودھا میں شدید دھند جبکہ دوسرا بلوچستان میں تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

سرگودھا: فوتگی پر جانے والا خاندان حادثے کا شکار، 14 جاں بحق

سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے قریب گلہ پور بنگلہ کے مقام پر ایک منی ٹرک شدید دھند کے باعث بے قابو ہو کر خشک نہر میں جا گرا۔ ریسکیو حکام کے مطابق ٹرک میں 23 افراد سوار تھے جو اسلام آباد سے فیصل آباد ایک جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔

شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ (Visibility) صفر ہونے کی وجہ سے ڈرائیور راستہ نہ دیکھ سکا۔ ٹرک کے نیچے دبنے سے 7 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ مزید 7 افراد نے ٹی ایچ کیو اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ دیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے، 5 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔ واقعے میں 9 افراد شدید زخمی ہیں جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

مکران کوسٹل ہائی وے: مسافر بس الٹ گئی، 9 افراد ہلاک

دوسری جانب بلوچستان میں مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب ھڈ گوٹھ کے مقام پر کراچی سے جیونی جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔

ایس پی ہائی وے پولیس اسلم بنگلزئی کے مطابق بس کی رفتار انتہائی تیز تھی جو حادثے کا سبب بنی۔ حادثے میں 9 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق سندھ کے مختلف علاقوں سے تھا جو محنت مزدوری کے لیے جیونی جا رہے تھے۔

لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اورماڑہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اور انتظامیہ نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور شہریوں کو دھند کے دوران محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مہنگائی اور شرح نمو پررپورٹ جاری

ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس نے پاکستان کے لیے اپنی تازہ معاشی پیشگوئیاں جاری …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے