
محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سردی متوقع ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ کے اضلاع میں درمیانی شدت کی دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، خطۂ پوٹھوہار، اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش ہوئی جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری ریکارڈ کی گئی۔
ملک کے دیگر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہا، تاہم پنجاب اور بالائی سندھ میں درمیانی سے شدید دھند نے عوام کو متاثر کیا۔
آج صبح ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت میں لہہ سب سے سرد رہا جہاں پارہ منفی 08 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ گوپس میں منفی 04، کالام اور کوئٹہ میں منفی 03، قلات میں منفی 02 جبکہ مالم جبہ میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور دھند کے باعث ٹریفک مسائل سے بچنے کی ہدایت کی ہے۔
UrduLead UrduLead