جمعرات , دسمبر 18 2025

ملک میں مغربی ہواؤں کی آمد متوقع، بارش اور برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک میں مغربی ہواؤں کے داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی نوید سنا دی ہے، جبکہ سردی کی شدت میں اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولنگر، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان، قصور، خانیوال، خانپور، کوٹ ادو، لیہ اور بھکر میں دھند پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور اور موہنجوداڑو میں بھی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر دھند رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے موسم سے متعلق ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں 20 سے 22 دسمبر کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق مغربی ہوائیں 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پشاور میں موسم مزید سرد ہونے کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کی بندش اور پھسلن کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

یو اے ای کی پاکستانیوں کے ویزا نظام میں بڑی تبدیلیاں متعارف

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان طویل سفارتی مشاورت کے بعد ویزا پالیسی میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے