پیر , دسمبر 15 2025

“جمع تقسیم” میں لیلا کے کردار سے ماورا حسین کی چمک

معروف اداکارہ ماورا حسین ڈرامہ سیریل “جمع تقسیم” میں اپنے کردار لیلا کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں گھر کر چکی ہیں۔


یہ ڈرامہ مشترکہ خاندانی نظام کی تلخ حقیقتوں کو اجاگر کرتا ہے، جہاں ہر کردار ایک عام گھر کی حقیقی کہانی کی نمائندگی کرتا ہے۔

ماورا حسین نے حال ہی میں صحافی محوش اعجاز کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ “جمع تقسیم” میں کام کرنے سے انہیں زندگی کے کئی اہم سبق ملے۔


انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے کردار لیلا سے یہ سیکھا کہ “اختلافِ رائے رکھتے ہوئے بھی احترام برقرار رکھا جا سکتا ہے”۔ لیلا کی طرح انہوں نے یہ جانا کہ ہر مسئلے پر جذباتی ہونے کے بجائے حدود قائم رکھتے ہوئے بات کرنا زیادہ مؤثر ہوتا ہے۔

ماورا نے مزید کہا کہ اگر وہ اپنی ذاتی حیثیت میں ہوتیں تو کسی منظر میں زیادہ ردِعمل ظاہر کرتیں، لیکن لیلا نے تحمل سے کام لیا، جو ان کے لیے ایک نیا سبق تھا۔

حقیقی زندگی کا عکس

ماورا حسین نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے یہ کردار اپنی شادی کے صرف دس دن بعد شروع کیا تھا۔


انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ان کی ذاتی زندگی لیلا سے مختلف ہے، لیکن بطور نئی دلہن اور بہو کے اپنے احساسات کو وہ اس کردار میں منتقل کرنے میں کامیاب رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے تجربات نے انہیں لیلا کی جذباتی کیفیت کو بہتر سمجھنے میں مدد دی۔

مداحوں پر اثر

ماورا نے ایک واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک لڑکی ان سے ملی جو بہت جذباتی نظر آرہی تھی۔ اس لڑکی نے بتایا کہ وہ اکلوتی اولاد تھی اور اس کی منگنی ایک ایسے گھرانے میں ہوئی تھی جو قیس کے خاندان جیسا تھا۔


اس کی والدہ نے اسے کہا کہ “تم جمع تقسیم دیکھو تاکہ سمجھ سکو تم کہاں جا رہی ہو۔” رامہ دیکھنے کے بعد اس لڑکی نے سوچ سمجھ کر اپنی منگنی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ماورا حسین کے مطابق، یہی ایک فنکار کے لیے سب سے بڑا انعام ہے کہ اس کا کام کسی کی زندگی بدلنے کا سبب بنے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

شدید دھند اور سرد موسم کے باعث پنجاب میں موٹرویز کے متعدد سیکشنز بند، ملک بھر میں سردی کی لہر

ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم برقرار ہے جبکہ پنجاب، بالائی سندھ …