بدھ , اکتوبر 15 2025

سلمان علی آغا کا دبئی میں دبنگ اعلان: ایشیا کپ جیتنے آئے ہیں

پاکستانی کپتان نے بھارتی میڈیا، ہینڈشیک تنازع اور اپنی کارکردگی پر دوٹوک موقف دیا، دبئی فائنل کے تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے

ایشیا کپ 2025 کے فائنل سے قبل دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان دباؤ میں نہیں بلکہ جیت کے لیے میدان میں اترے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی پوری توجہ ایشیا کپ کی ٹرافی جیتنے پر ہے اور وہ کسی تنقید یا غیر ضروری تنازع کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران سلمان علی آغا نے بھارتی میڈیا کی جانب سے کیے جانے والے تبصروں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا، “مجھے بھارتی میڈیا کے تبصروں سے کوئی سروکار نہیں، دباؤ دونوں ٹیموں پر ہے، لیکن ہم جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔” انہوں نے ٹیم کے فوکس کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میدان میں کارکردگی دکھانا ہی اصل جواب ہوگا۔

ہینڈشیک تنازع پر دوٹوک جواب دیتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا، “پاکستان اور بھارت کے حالات پہلے بھی خراب رہے، مگر ہاتھ نہ ملانے کی روایت کبھی نہیں رہی۔ یہ کرکٹ کے لیے اچھا نہیں ہے۔ میرے والد جو کرکٹ کے بڑے دلدادہ ہیں، انہوں نے بھی کبھی یہ نہیں کہا کہ ہاتھ نہ ملانا۔ ہمیشہ ہینڈشیک ہوتا رہا ہے۔”

ٹرافی فوٹو شوٹ میں بھارت کی عدم شرکت سے متعلق سوال پر کپتان کا کہنا تھا، “ہم کھیل کے اصولوں کے مطابق تیار ہیں، جو آنا چاہے آئے، جو نہ آنا چاہے نہ آئے، ہمیں کسی کی پروا نہیں۔”

انہوں نے اپنی ذاتی کارکردگی پر تنقید کا اعتراف بھی کیا، “میری پرفارمنس اس معیار کی نہیں جو کپتان کی ہونی چاہیے۔ اسٹرائیک ریٹ بہتر کرنا ہوگا، لیکن ہمارا اور میری ٹیم کا فوکس صرف ایشیا کپ جیتنے پر ہے۔”

صائم ایوب پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کپتان نے کہا، “صائم ایوب اگلے 10 سال پاکستان کا ٹاپ پرفارمر ہوگا۔ وہ بیٹنگ میں فی الحال چمک نہیں پایا، لیکن بولنگ اور فیلڈنگ میں اس کا کردار شاندار ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ جلد بیٹنگ میں بھی چمکے گا۔”

سلمان علی آغا نے کرکٹ میں جذباتی انداز کو بھی اپنا حق قرار دیتے ہوئے کہا، “اگر کرکٹر میدان میں جذبات کا مظاہرہ نہ کرے تو پھر کہاں کرے؟ میدان سے باہر جو کچھ ہو رہا ہے، ہمیں اس سے کوئی مطلب نہیں، ہمارا مقصد بہترین کرکٹ کھیل کر ایشیا کپ کی ٹرافی اپنے نام کرنا ہے۔”

ایشیا کپ 2025 کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں فائنل میں مدمقابل آ رہی ہیں۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس فائنل میچ کے لیے تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔ منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ اسٹیڈیم، جس کی گنجائش تقریباً 28 ہزار ہے، مکمل طور پر “ہاؤس فل” ہو چکا ہے۔

اس سے قبل 14 ستمبر کو دبئی میں ہونے والے پاک بھارت میچ میں 20 ہزار شائقین نے شرکت کی تھی جبکہ 21 ستمبر کو سپر فور میچ میں 17 ہزار تماشائی موجود تھے، مگر فائنل کے لیے غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آیا ہے اور تمام اسٹینڈز کے ٹکٹس مکمل فروخت ہو چکے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث رواں سال ٹرافی کے ساتھ روایتی فوٹو شوٹ نہیں ہوا۔ منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ اس حوالے سے فائنل سے قبل کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ سلمان علی آغا نے اس صورتحال پر بھی لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ “ہمیں کسی فوٹو شوٹ کی فکر نہیں، ہم صرف کرکٹ کھیلنے آئے ہیں۔”

دوسری جانب، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشیا کپ کے دوران پیش آئے چند واقعات پر کارروائی کی ہے۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادو کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قصوروار قرار دے کر ان کی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ پاکستانی بولر حارث رؤف پر بھی امپائر کے فیصلے پر ردعمل دینے پر جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ صائم ایوب کو تنبیہ جاری کی گئی۔

ایسے میں جب دونوں ملکوں کے مابین کرکٹ تعلقات غیر معمولی دباؤ کا شکار ہیں، سلمان علی آغا کی جارحانہ حکمت عملی اور واضح پیغام ٹیم کے حوصلے بلند کرنے کا سبب بنے ہیں۔ فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ٹرافی جیتنا، نہ صرف کھیل میں کامیابی ہوگی بلکہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی موقع بھی بنے گا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سمندری کیبل کی مرمت سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان

پی ٹی سی ایل کے مطابق بین الاقوامی کیبل کی مرمت کا کام آج صبح …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے